پاکستان سے سیریز کینگروز کا نئے ہتھیاروں پر انحصار

اسکواڈ میں 5 ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت، پیٹرسڈل کی واپسی ہوگئی


AFP September 12, 2018
دستے میں 3اسپنرزموجود،فنچ،رینشا کے ساتھ اوپننگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان سے2ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے کینگروز کا انحصار نئے ہتھیاروں پر ہوگا جب کہ اسکواڈ میں ایک ساتھ 5 ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا۔

آسٹریلیا نے پاکستان سے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، بال ٹیمپرنگ میں پابندی کے شکار اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ دستیاب نہیں ہیں۔

فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کے مختلف انجریز کا شکار ہونے کی وجہ سے سلیکٹرز کو 5 نئے چہروں پر انحصار کرنا پڑا،اس میں سے تین کا تعلق کوئنز لینڈ سے ہے،ان میں مائیکل نیسیر، برینڈن ڈوگیٹ اور مارنس لیبس چیگن شامل ہیں، دیگر2جنوبی آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور وکٹوریہ کے ایرون فنچ ہیں، اگرچہ یہ دونوں انٹرنیشنل کرکٹ میں کافی پرانے ہیں مگر ابھی تک انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں قدم نہیں رکھے۔

سلیکٹر ٹرویر ہونز نے کہاکہ ہمیں اپنے کئی اہم پلیئرز کی عدم دستیابی کے باعث بڑے پیمانے پر تبدیلی کرنا پڑی، مگر ہم نے جو اسکواڈ منتخب کیا اس کے بارے میں پوری طرح پُراعتماد ہیں کہ وہ آنے والے چیلنج کا ڈٹ کر سامنا کرے گا، ان سب سے پاکستان کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

ٹاپ آرڈر میں خالی ہونے والی پوزیشنز میں سے ایک میٹ رینشا پوری کریں گے جنھیں گذشتہ برس ایشز کیلیے نظر انداز کردیا گیا تھا،بال ٹیمپرنگ تنازع کے بعد جنوبی افریقہ سے آخری ٹیسٹ میں ان کی واپسی ہوئی تھی۔ اسی طرح توقع کی جارہی ہے کہ جارح مزاج بیٹسمین ایرون فنچ ان کے ساتھ ٹاپ آرڈر میں ڈیوڈ وارنر کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔

ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے کہاکہ محدود اوورز کی کرکٹ میں کارنامے انجام دینے والے فنچ ٹیسٹ ٹیم میں جگہ کے حقدار ہیں۔

واضح رہے کہ ناتھن لیون، جان ہولینڈ اور لیفٹ آرمر ایشٹون ایگر اسپن ڈپارٹمنٹ سنبھالیں گے جبکہ کپتان ٹم پین وکٹوں کے عقب میں ذمہ داری انجام دیں گے۔ پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا 16 تاریخ سے ابوظبی میں شیڈول ہے۔

اسکواڈ میں کپتان ٹم پین، ایشٹون ایگر، برینڈن ڈوگیٹ، ایرون فنچ، ٹرویس ہیڈ، جان ہولینڈ، عثمان خواجہ، مارنس لیبس چیگن، ناتھن لیون، مچل مارش، شان مارش، مائیکل نیسیر، رینشا، سڈل اور اسٹارک شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔