برآمدات میں اضافہ درآمدات بڑھنے کے باوجود تجارتی خسارہ 68 فیصد کم

اگست میں 2 ارب ایک کروڑ70لاکھ ڈالرکی ایکسپورٹ،جولائی میں ایک ارب64کروڑ60لاکھ ڈالر کے مقابل22.54فیصدزائد رہی

درآمدات 3.18فیصد اضافے سے 4ارب 99کروڑ 20لاکھ ڈالر رہیں جوجولائی میں 4 ارب 83کروڑ 80لاکھ ڈالر رہی تھیں۔ فوٹو: فائل

اگست 2018کے دوران ملکی برآمدات بڑھ کر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کی وجہ سے جولائی کے مقابلے میں تجارت کو درپیش خسارے میں 6.80فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2018کے دوران ملک سے 2 ارب ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئیں جبکہ جولائی کے مہینے میں برآمدات کی مالیت ایک ارب 64 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔ اس طرح جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران برآمدات میں 22.54 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی کی نسبت اگست کے مہینے میں اگرچہ درآمدات کی مالیت 3.18فیصد اضافے سے 4ارب 99کروڑ 20لاکھ ڈالر رہیں تاہم برآمدات میں اضافے کی وجہ سے تجارتی خسارہ جولائی کے مقابلے میں کم رہا۔ جولائی کے مہینے میں درآمدات 4 ارب 83کروڑ 80لاکھ ڈالر رہیں تھی اور تجارت کو 3 ارب 19کروڑ ڈالر کا خسارہ درپیش رہا تھا۔


اعداد و شمار کے مطابق اگست 2018کی برآمدات اگست 2017کے مقابلے میں 8.44فیصد جبکہ درآمدات 1.40فیصد زائد رہیں۔ اگست 2017کے مقابلے میں اگست 2018کا تجارتی خسارہ 2.87فیصد کم رہا۔

اگست کے اعدادوشمار کے ساتھ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں برآمدات کی مالیت 3 ارب 66 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جبکہ درآمدات کی مالیت 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں۔ اس طرح دو ماہ کے دوران تجارت کو 6 ارب 16کروڑ 70 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال جولائی اگست کی برآمدات 5 فیصد جبکہ درآمدات ایک فیصد زائد رہیں اور تجارتی خسارہ 1.25فیصد تک کم ہوگیا۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی کے دوران برآمدات جون کے مقابلے میں 12.77فیصد، درآمدات 15فیصد کم رہیں تھی۔

 
Load Next Story