جو عدالت کو بدنام کریں گے انہیں ایسے نہیں جانے دیں گے چیف جسٹس

ڈیم کے مخالفین کو آخری وارننگ دے رہے ہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار

ڈیم مخالفین کو آخری وارننگ دے رہے ہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار۔ فوٹو : فائل

چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ڈیم کے مخالفین کو آخری وارننگ دے رہے ہیں جب کہ جو عدالت کو بدنام کریں گے انہیں ایسے نہیں جانے دیں گے۔

سپریم کورٹ میں ڈوڈوچہ ڈیم تعمیر کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ سپریم کورٹ اپنی سیاسی جماعت بنائے، سیاست کرنی ہے تو کہیں اور جاکر کریں، ڈیم کے مخالفین کو آخری وارننگ دے رہے ہیں، یہ سیاسی نہیں بنیادی حقوق کے مقدمات ہیں، جو عدالت کو بدنام کریں گے انہیں ایسے نہیں جانے دیں گے۔

سیکرٹری آبپاشی نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم محکمہ زراعت کو تعمیر کرنا ہے، بحریہ ٹاوٴن ہماری مالی معاونت کرے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بحریہ ٹاوٴن حکومت پنجاب کا فنانسر نہیں ہے، اصل ایشو ڈیم پر کمیشن کا ہے ، نجی کمپنی نے ڈیم بنایا تو کمیشن نہیں ملے گا، ہر کام پر کمیشن نہیں ہونا چاہیے، ذرا سوچیے کہ یہ ڈیم صوبے کے عوام کے لیے کتنا ضروری ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : چیف جسٹس اپنی جماعت بناکر سیاست میں آجائیں

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ حکومت پنجاب ٹائم فریم دے کہ کب تک ڈیم بنالیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب بتائیں کہ ڈوڈوچہ ڈیم کب تک بن جائے گا، کیا وزیراعلیٰ پنجاب کو آئندہ سماعت پر بلالیں۔

عدالت نے حکومت پنجاب کو پروپوزل میں ڈیم کی تعمیر اور تکمیل کا ٹائم فریم فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
Load Next Story