انٹرنیشنل سوکا ورلڈکپ قومی فٹبال ٹیم شرکت کرے گی

منی فٹبال ورلڈکپ کے نام سے مشہور اس ایونٹ کے لیے لاہوری نوجوانوں کا انتخاب کوالیفائنگ مرحلے میں ہوا


Muhammad Yousuf Anjum September 12, 2018
ایونٹ کے لیے لاہوری نوجوانوں کا انتخاب کوالیفائنگ مرحلے میں ہوا، فوٹو : فائل

اسٹریٹ چلڈرن کے بعد اب ایک اور قومی ٹیم کو فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کا موقع مل گیا۔

انٹرنیشنل سوکا ورلڈکپ 23 سے 29 ستمبر تک پرتگال کے شہر لزبن میں ہورہا ہے جس میں لاہور کے نوجوانوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم بھی شرکت کررہی ہے، قومی سوکا ٹیم آفاق احمد کی قیادت میں سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 21 ستمبر کو کراچی سے لزبن پرتگال روانہ ہوگی۔



اسکواڈ میں عبدالحنان، سمیر، ظفر خان، زاہد محمود، ولید جمال، حیدر علی، عامر گوندل، سعد علی، عمر جاوید، عالمگیر، کاشف، محمد زوہیب اور زیبیع اللہ وڑائچ شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں بھی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا، 2 ماہ سے کیمپ میں بھرپور تیاری کررہے ہیں اور خواہش ہے کہ فائنل تک رسائی پانے کے بعد ٹرافی کے ساتھ وطن لوٹیں۔ کوچ طارق لطفی نے اس پلیٹ فارم کو ان نوجوان فٹبالرز کے لیے خود کو منوانے کا بہترین موقع قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ جس طرح سخت حبس کےموسم میں ان لڑکوں نے محنت کی ہے، اس کو دیکھ کر رزلٹ بھی اچھا آئے گا۔

منی فٹبال ورلڈکپ کے نام سے مشہور اس ایونٹ کے لیے لاہوری نوجوانوں کا انتخاب اس کوالیفائنگ مرحلے میں ہوا ہے جس میں لیزر لیگس کی طرف سے 3 ماہ پہلے ملک کے مختلف شہروں میں میچز کرائے گئے۔ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے پشاور کو شکست دی اور نیشنل چیمپئن بن کر پرتگال کا ٹکٹ پایا۔



انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے اس ورلڈکپ میں مجموعی طورپر 32 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جن کو 8 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ بی میں شامل پاکستان کو ناک آوٹ مرحلےمیں جگہ بنانے کے لیے سخت حریف اسپین، روس اور مالوڈوا کو ہرانے کا چیلنج ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں