مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخی کی درخواستیں مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متفقہ طور پر چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔


ویب ڈیسک September 12, 2018
نااہل ہونے کی وجہ سے نواز شریف کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹرڈ نہیں ہوسکتی، درخواست گزاروں کا موقف فوٹو:فائل

QUETTA: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے متفقہ طور پر چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔

درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ہے، اس لیے آئین و قانون کی رو سے ان کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹرڈ نہیں ہوسکتی، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں ن لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کردے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن کیخلاف درخواست پر نواز شریف الیکشن کمیشن طلب

نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ مسلم لیگ ن کے خلاف یہ درخواستیں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور، نیاز انقلابی ایڈووکیٹ، ابرار حسین رضا اور رئیس عبدالوحید نے دائر کی تھیں۔ چيف اليكشن كمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا كی سربراہی ميں دو ركنی بنچ نے 10 ستمبر کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنادیا گیا۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ برس نواز شریف کو نااہل قراردیا تھا جس کے نتیجے میں وہ آئین کے تحت وزارت عظمیٰ کے ساتھ ساتھ پارٹی صدارت سے بھی معزول ہوگئے۔ لیکن مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ میں عددی اکثریت کی بنیاد پر آئین میں ترمیم کرکے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کرانے میں کامیاب ہوگئی۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس آئینی ترمیم کو کالعدم قراردے دیا۔ اس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کو پارٹی کا تاحیات قائد منتخب کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں