نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل ہی نامزد اپوزیشن لیڈر کی فرمائشیں

فردوس شمیم نقوی سیکریٹری سندھ اسمبلی سے ملیں، چیمبر، گاڑی، لیٹرہیڈ کا استفسار

استحقاق اوراختیارات کیا ہیں ؟باضابطہ تقرری کے بعد آگاہ کردیاجائیگا،سیکریٹری جواب۔ فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے نامزداپوزیشن لیڈرکی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا کہ نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل ہی نامزد اپوزیشن لیڈر نے اسمبلی اسٹاف سے فرمائشیں شروع کردیں۔

پی ٹی آئی، ایم کیوایم اور جی ڈی اے کی جانب سے نامزد اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی سربراہی میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور سیکریٹری اسمبلی عمر فاروق برڑو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، ملاقات میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ادیبہ حسن، راجا اظہر، شہزاد اعوان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری سندھ اسمبلی سے ملاقات میں نامزد اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن لیڈرکے لیے چیمبرالاٹ کرنے کی درخواست کی جس پر سیکریٹری نے انھیں کہا کہ آپ کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر نوٹیفیکشن جاری نہیں ہوا، قواعد کے مطابق نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ہی چیمبر الاٹ کیا جائے گا۔


اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے سیکریٹری سے استفسار کیا کہ اپوزیشن لیڈر کے استحقاق اور اختیارات کیا ہیں ؟ جس کے جواب میں سیکریٹری سندھ اسمبلی نے کہا کہ آپ کی باضابطہ تقرری کے بعد سب تفصیل سے آگاہ کردیا جائے گا، فی الوقت اپوزیشن لیڈر کے لیے موصولہ درخواست پرارکان اسمبلی کے دستخط کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ دستخطوں کی تصدیق کے بعد تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نامزد اپوزیشن فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن لیڈر کو فراہم کی جانے والی گاڑی کے متعلق بھی دریافت کیا بولے کہ قائد حزب اختلاف کو سادہ گاڑی دی جاتی ہوگی جس پر سیکریٹری نے اثبات میں جواب دیا تو فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ مجھے سادہ گاڑی نہیں چاہیے میرے پاس ذاتی بلٹ پروف گاڑی موجود ہے۔

سندھ اسمبلی میں دونوں کے درمیان ملاقات پندرہ منٹ سے زائد جاری رہی ، نامزد قائد حزب اختلاف نے جاتے جاتے ایک اور فرمائش کر ڈالی بولے کہ میرے لیٹر ہیڈ آپ چھپوائیں گے یا مجھے خود چھپوانا ہونگے ؟ جس کا سیکریٹری نے وہی سابقہ جواب دہرایا کہ آپکا اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری ہونے دیں سب کام ہوجائیں گے۔
Load Next Story