مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 8 کشمیری شہید

قابض فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے گئے، کشمیرمیڈیا سروس

علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل اور تعلیمی ادارے بھی بند رہیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 8 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن میں 2 کشمیریوں کو شہید کردیا جس کے بعد کپواڑا کے علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا جس میں 3 نوجوانوں کو فائرنگ سے شہید کردیا گیا اور 3 نوجوانوں کو ریاسی کے علاقے میں شہید کیا گیا۔


بھارتی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی، سرچ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے گئے جب کہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری شہید

دوسری جانب گزشتہ روز ہندواڑہ میں 2 نوجوانوں کی شہادت پر مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ نہتے کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
Load Next Story