گوشواروں میں تبدیلیوں پر نان لسٹڈ کمپنیوں کو کارروائی کا انتباہ

رجسٹرار آف کمپنیز کی ہدایت یا منظوری کے بغیر تبدیلی خلاف ضابطہ ہے، ایس ای سی پی

بعض کمپنیاں تقاضا کیے بغیر سالانہ گوشوارے ترمیم کرکے جمع کرا رہی ہیں، اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے انضباطی گوشواروں میں ازخود ترامیم کرنے والی نان لسٹڈ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایس ای سی پی نے گزشتہ روزجاری اعلامیے میں نان لسٹڈ کمپنیوں کو انتباہ کیا ہے کہ رجسٹرار آفس میں جمع کرائے جانے والے انضباتی گوشواروں میں رجسٹرار آف کمپنیز کی ہدایت یا منظوری کے بغیر ترمیم یا تبدیلی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق کمپنیوں کے سالانہ گوشواروں کی جانچ پڑتال کے دوران ایس ای سی پی کے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض نان لسٹڈ کمپنیاں رجسٹرار آف کمپنیز کے تقاضا کیے جانے کے بغیر ہی حسابات کے سالانہ گوشواروں میں ترمیم کر کے جمع کرا رہی ہیں، انضباتی گوشواروں میں رجسٹرار آف کمپنیز کی منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کی ترمیم خلاف ضابطہ ہے لہذا کمپنیاں ایسی سرگرمیوں سے باز رہیں۔




واضح رہے کہ کمپنیوں کے گوشواروں میں ترمیم اسی صورت میں کی جا سکتی ہے جب رجسٹرار حسابات کے گوشواروں میںترمیم کرنے کی ہدایت کرے، یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ ایس ای سی پی میں جمع کرائے جانے والے انضباتی گوشواروں میں غلطی کی اصلاح بھی قواعد میں دیے گئے مقررہ وقت کے اندر ہی کی جا سکتی ہے، ایس ای سی پی کا انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ پاکستان میں کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے جانے والے گوشواروں کی جانچ پڑتال کرتا ہے تاکہ گوشواروں میں حسابات کے رائج قواعد کے معیار کو جانچا جا سکے، کسی بھی کمپنی کی جانب سے گوشواروں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کیے جانے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story