تیاریوں کی جانچ کے پاکستانی پلان پر پانی پھر گیا

بارش نے سری لنکا سے وارم اپ میچ میں ٹاس تک کی مہلت نہ دی، گرین شرٹس آج لندن میں اوول گراؤنڈ پر ٹریننگ کرینگے

فکسنگ کے چھینٹوں سے داغدار بھارتی ٹیم بھی موسم کے باعث آؤٹ ڈور ٹریننگ سے محروم، کل آئی لینڈرز سے ٹکراؤ، آسٹریلوی سائیڈ ویسٹ انڈیز کے مدمقابل۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوںکی جانچ کے پاکستانی پلان پر پانی پھرگیا، بارش نے سری لنکا سے وارم اپ میچ میں ٹاس تک کرنے کی مہلت نہ دی۔

امپائرز نے پچ کا کئی بار معائنہ کرنے کے بعد ڈے نائٹ مقابلہ ختم کردیا، گرین شرٹس اب جمعے کو لندن میں اوول گراؤنڈ پر ٹریننگ کریں گے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہتھیاروں کی آزمائش کیلیے جنوبی افریقہ کیخلاف پیر کو شیڈول پریکٹس میچ آخری موقع ہوگا، ادھر فکسنگ کے چھینٹوں سے داغدار بھارتی ٹیم کو بھی بارش کے باعث آؤٹ ڈور ٹریننگ سے محروم ہونا پڑا، ہفتے کو اس کا سامنا سری لنکا سے ہوگا، آسٹریلیا کارڈف میں ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان وارم اپ میچ بارش کی نذر ہوگیا، موسم نے ٹاس تک کرنے کی مہلت نہیں دی، یہ میچ ایجبسٹن میں ڈے اینڈ نائٹ منعقد ہونا اور اسے براہ راست نشر کرنے کا بھی اہتمام کیا تھا مگر یہ تمام تیاریاں دھری رہ گئیں، گرین شرٹس کے لیے بھی یہ میچ کافی اہمیت کا حامل تھا، اس میں نہ صرف مصباح الحق الیون کو اپنی چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریوں کی جانچ کرنا تھی بلکہ خود کو اچھی طرح مقامی کنڈیشنز سے بھی ہم آہنگ کرنا تھا، بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا 15 جون کو مقابلہ بھی اسی گراؤنڈ پر ہی طے ہے، اب گرین شرٹس رخت سفر باندھ کر لندن پہنچیں گے جہاں پر جمعے کی دوپہر اوول میں پریکٹس کرنی ہے۔




انگلینڈ پہنچنے کے بعد سے پاکستانی ٹیم مسلسل ٹریننگ میں ہی مصروف ہے۔ پیر کے روز اوول میں ہی اس کا مقابلہ دوسرے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ سے ہوگا، ہتھیاروں کی آزمائش اور کمبی نیشن کی جانچ کے لیے یہ ٹیم کے پاس آخری موقع ہوگا، 7 جون کو میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کیخلاف میدان سنبھالیں گے۔ بارش سے جہاں پاک سری لنکا وارم اپ میچ متاثر ہوا وہیں بھارتی ٹیم بھی ٹریننگ نہیں کرپائی، اسے ان ڈور سرگرمیوں تک ہی محدود ہونا پڑا۔ ملک میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے جان چھڑا کر انگلینڈ پہنچنے والی دھونی الیون کے لیے سب سے بڑا چیلنج اپنی توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز کرنا ہے، اس وقت انھیں لوگوں کی چھبتی ہوئی نگاہوں کا بھی سامنا ہے۔

ہفتے کو بھارتی ٹیم سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ ایجبسٹن میں ہی کھیلے گی جبکہ اسی روز کارڈف میں آسٹریلیا کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہونا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 6 جون سے ہوگا جبکہ فائنل 23 تاریخ کو ہونا ہے، ایونٹ میں شریک 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کا پہلا مقابلہ ویسٹ انڈیز پھر 10 تاریخ کو جنوبی افریقہ اور آخر میں 15 جون کو بھارت سے سامنا ہوگا۔ پول اے میں میزبان انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔
Load Next Story