ایشین پاور لفٹنگ سہیل سسٹرز تاریخ رقم کرنے کو تیار

ٹوئنکل، مریم، سیبل اور ویرونیکا میڈلز حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ بنانے کیلیے پُرعزم


نتاشا راحیل September 14, 2018
ٹوئنکل، مریم، سیبل اور ویرونیکا میڈلز حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ بنانے کیلیے پُرعزم۔ فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون

ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں سہیل سسٹرز تاریخ رقم کرنے کیلیے تیار ہیں۔

ایشین پاور لفٹنگ گیمز رواں ماہ دبئی میں شیڈول ہیں،ان میں پاکستانی اسکواڈ میں 4 بہنیں شریک ہوتے ہوئے ریکارڈ قائم کریں گی، سہیل سسٹرز کا تعلق لاہور سے ہے، ٹوئنکل سہیل ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2015 میں پاکستان کی جانب سے میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون پاور لفٹر بنیں، ان سے متاثر ہو کر ان کی 3 بہنیں مریم، سیبل اور ویرونیکا سہیل بھی پاور لفٹنگ اور ویٹ لفٹنگ میں آئیں۔

چاروں بہنیں ایشین ایونٹ کیلیے قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں، ٹوئنکل سہیل نے سینئرز ایونٹ میں اپنی بہن مریم کیلیے جگہ خالی کی ہے، ٹوئنکل 72 کلوگرام کیٹیگری کے ساتھ جونیئرز ایونٹ میں بھی حصہ لیں گی، سیبل 52 کلوگرام سینئرز جبکہ سب سے چھوٹی بہن ویرونیکا 47 کلوگرام انڈر16 کیٹیگری میں انٹرنیشنل ڈیبیو کریں گی۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے ٹوئنکل نے کہا کہ مجھے دیکھتے ہوئے میری بہنوں نے بھی پاور لفٹنگ اور ویٹ لفٹنگ میں دلچسپی دکھائی، کوچ رشید ملک نے ہماری گرومنگ میں بہت کردار ادا کیا، چاروں بہنوں کا ایک شعبے میں ہونا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سارا سال ٹریننگ کرتی ہیں اور اس کا کریڈٹ ہماری والدہ کو جاتا ہے جو گھر سنبھالنے کے ساتھ ہماری خوراک کا بھی پورا خیال رکھتی ہیں، صرف کرسمس پر چھٹی کرتی ہیں کیونکہ ہمارے کوچ نے کہا ہے کہ تسلسل کے ساتھ ٹریننگ نہیں کریں گی تو میڈل حاصل نہیں کر پائیں گی۔

علاوہ ازیں قومی اسکواڈ میں57 کلوگرام کیٹیگری کی ریکارڈ ہولڈر سنیہہ غفور شامل ہیں جن کو اس بار مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا، کراچی کی پہلی ویٹ لفٹر اور پاور لفٹر رابعہ شہزاد جونیئر 52 کلوگرام ایونٹ میں شرکت کریں گی، ندا مقصود سینئرز 72 کلوگرام جبکہ رابعہ رزاق 84 کلوگرام کیٹیگریز میں ان ایکشن ہوں گی، کوچ رشید ملک اور نزہت جبیں 50 سے 59 سال کے ایتھلیٹس کیلیے ماسٹر ٹو کیٹیگری میں شریک ہوں گے، سید نبیل ہاشمی پلس 40 ماسٹر ون 105 کلوگرام جبکہ شہزاد اقبال بھی ماسٹر ون کیٹیگری، جہانزیب اقبال اوپن کیٹیگری میں کھیلیں گے۔

کوچ رشید ملک نے کہا کہ اگرچہ یہ ایونٹ گزشتہ ایونٹس سے کافی بڑا ہے۔ اس مرتبہ 43 ممالک سے 600 سے زائد ایتھلیٹس شریک ہو رہے ہیں، ہمارے ویٹ لفٹرز ایشین گیمز میں میڈلز حاصل نہیں کرسکے تاہم امید ہے کہ اس ایونٹ میں میڈلز ضرور آئیں گے، خصوصاً لڑکیوں کی جانب سے میڈلز کے حصول کی توقع ہے، پوری حکمت عملی کے ساتھ ان کو مخصوص کیٹیگریز کیلیے منتخب کیا گیا ہے، ٹوئنکل اپنی کیٹیگری میں فتح کیلیے فیورٹ ہیں، شہزاد سے بھی میڈل کی توقع ہے، امید ہے کہ اس مرتبہ پاور لفٹرز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ میڈلز حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں