ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ’’ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو‘‘ اختتام پذیر

نگراں وفاقی وزیرثانیہ نشتر،سیکریٹری آئی ٹی شاہدرشید،سیکریٹری تعلیم قمرزمان کادورہ،ایکسپریس میڈیاگروپ کی کاوش کی ستائش

اسلام آباد:ایکسپریس میڈیاگروپ کے زیراہتمام ’ایجوکیشن اینڈکیریئرایکسپو‘‘کی اختتامی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہے دوسری جانب نگراں وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی ڈاکٹرثانیہ نشتر ایک اسٹال کادورہ کررہی ہیں، سیکریٹری تعلیم وتربیت قمرالزمان چوہدری بھی ہمراہ ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیاگروپ کے زیر اہتمام '' ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر'' ایکسپو کے اختتامی روز نگراں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکریٹری شاہد رشید اور وزارت تعلیم وتربیت کے سیکرٹری قمرالزمان چوہدری نے بھی پاک چائنہ سینٹر میں ایکسپو سینٹر کادورہ کیا ۔

معززمہمانان کوایکسپو سینٹر میں آمد پر گلدستے پیش کیے گئے۔ معزز مہمانوں نے ایکسپو سینٹر میں لگے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے لانے اور ان کو مختلف شعبوں سے روشناس کرانے کیلیے اس طرح کی تقریبات وقت کی ضرورت ہیں۔ وفاقی وزیرکاکہناتھاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے تعلیمی نمائش کرکے بارش کا پہلا قطرہ بن کرنئی جہت کاآغازکیاہے جس سے مزیدکئی اداروںکو ایسے پروگرام کروانے کیلئے مددملے گی اوران کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ان کی نظرمیں اتنی بڑی تقریب پہلاموقع ہے۔ مجھے یہاںآکر اندازہ ہواہے کہ نوجوانوں میں ایسی تقریبات میں شرکت کرنے کی کتنی پیاس ہے۔ ایسی تقریبات تسلسل کیساتھ ہونی چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کو اپنا مستقبل بہتر بنانے کیلیے ایک پلیٹ فارم مل سکے ۔ انھوںنے پاکستان کی جامعات کے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ ایسی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبعلموں کو ایک پلیٹ فارم پر جامعات کے متعلق آگاہی حاصل ہوسکے ۔ ثانیہ نشتر نے کتابوں کے سٹالز پر ادیبوں کے قلمی مسودوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ سیکریٹری تعلیم وتربیت قمر زمان چوہدری کا کہنا تھا کہ ایکسپو کا انعقادایکسپریس میڈیا گروپ کی اچھی کاوش ہے ، اس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ، ایسے پروگرام مستقبل میں بھی ہوتے رہنے چاہئیں ۔




سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ظفر اقبال قادرنے کہا کہ اس ایکسپو نے ایک روشنی پیداکردی ہے اور نوجوانوں کو بہتر طور پر موبلائز کیا ہے ، اس سے طلبہ کو کارپوریٹ سیکٹر سے رابطے کا بہترین موقع ملا ہے۔ ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے پہلے روز کی طرح اختتامی روز بھی ایکسپو سینٹر میں شرکا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صبح سے ہی لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا جو تقریب کے اختتام تک برقرار رہا ۔ پہلے روز کی نسبت دوسرے روز طلباء و طالبات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ۔ ایک طرف مختلف سٹالز پر لوگوں کارش قابل دید تھا تو دوسری طرف پاک چائنہ سینٹر کے مین آڈیٹوریم میں جاری مختلف پروگرامز کو دیکھنے کیلیے موجود شائقین کا انداز بھی دیدنی تھا، ہال میں مختلف جامعات کے طلبا و طالبات صبح سے ہی مختلف مقابلوں کی ریہرسل کرتے رہے ۔

اس دوران مختلف طلبا و طالبات نے اردو، پنجابی ،پشتو اور سرائیکی زبان کے مقبول ترین گانے گا کر شائقین سے خوب داد سمیٹی ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے طالب علم عدنان نے معروف پاپ سنگر عاطف اسلم کا گایا ہوا گیت''او جان جان دونوں جہان میرے باہوں میں آ،بھول جا'' گایا جس پر ہال میں موجود شائقین جھوم اٹھے اور کھڑے ہوکر تالیاں بجاتے رہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے ایک اور طالب علم حماد نے پشتو میں گانا گایا جس پر چند طلبا سٹیچ پر جاکر دیوانہ وار ڈانس کرتے رہے ۔ اس موقع پر ایک طالب علم نے مشہور سرائیکی گانا ''ماڑا ایتے ماڑا سہی یار جوہے، کچھ وی کرو او ساڈا پیارتو ہے '' گاکر شائقین سے خوب داد وصول کی جس کے بعد ہال میں مختلف جامعات کی جانب سے فیشن شو، میوزیکل بینڈز کے مابین مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ میوزیکل بینڈ ز کے مابین مقابلوں کے موقع پر ہال شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔
Load Next Story