بھارت میں پوزیشن ہولڈر طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

کوچنگ سینٹر جاتے ہوئے ملزمان نے ایڈریس پوچھنے کے بہانے مجھے روکا، متاثرہ طالبہ


ویب ڈیسک September 14, 2018
طالبہ کی شکایت پرواقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے،فوٹو: فائل

لاہور: بھارتی ریاست ہریانہ میں ہوس کے پجاریوں نے بارہویں جماعت میں ٹاپ کرنے والی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع مہندر گڑھ کے علاقے کانینا کی رہائشی متاثرہ طالبہ نے تھانے میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ کوچنگ سینٹر جارہی تھی کہ راستے میں تین نوجوان نے ایڈریس پوچھنے کے بہانے سے روکا اور اس دوران پانی پینے کی پیش کش کی جسے پینے کے بعد حالت غیر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں 16سالہ لڑکی کواجتماعی زیادتی کے بعد زندہ جلادیا گیا

طالبہ نے کہا کہ بے ہوش حالت میں ملزمان اسے نامعلوم مقام پر اٹھا کر لے گئے جہاں اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

مقامی پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ اوہیرامانی ڈیوی کا کہناہے کہ طالبہ کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جب کہ متاثرہ طالبہ کا میڈیکل ایگزمنیشن کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

متاثرہ طالبہ کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ' بیٹی بچاؤ۔۔بیٹی پڑھاؤ' لیکن ہم یہ کیسے کریں، میری بیٹی کو اغوا کیا گیا اور گینگ ریپ کانشانہ بنایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔