اسکواش کی بحالی کے لیے فیڈریشن کے فنڈز ناکافی ہیں جان شیر خان

نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کرنے کیلیے ایونٹس میں اضافہ کیا جائے، سابق اسٹار


نبیل طاہر September 15, 2018
نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کرنے کیلیے ایونٹس میں اضافہ کیا جائے، سابق اسٹار کرے، سابق اسٹار۔ فوٹو : فائل

سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ اسکواش کی عظمتِ رفتہ واپس لانے کیلیے حکومت فیڈریشن کے فنڈز بڑھائے، جونیئر اور سینئر ایونٹس کی تعداد میں اضافہ اور تسلسل کیساتھ انعقاد سے نوجوان نسل کھیل کی جانب راغب ہو گی۔

دس سال تک دنیائے اسکواش پر حکمرانی کرنے والے جان شیر خان نے کہا کہ حکومتی سطح پر درپیش مسائل حل کرنے کیلیے پاکستان اسکواش فیڈریشن اور پی اے ایف کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے30 فیصد فنڈز پی ایس ایف کیلیے ناکافی ہیں، پاکستان ایئر فورس بقیہ 70 فیصد فنڈز دے رہی ہے، اس سے پی اے ایف کی اسکواش میں بھرپور دلچسپی کا پتہ چلتا ہے۔

جان شیر خان نے نئے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کھیلوں میں پاکستان کی عظمتِ رفتہ واپس لانے کیلیے کردار ادا کریں گے۔

لیجنڈ پلیئر نے وزیر اعظم اور وزیر بین الصوبائی رابطہ سے اپیل ہے کہ وہ اسکواش کے فنڈز میں اضافہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نومنتخب وزیر اعظم بہت بڑے اسپورٹس مین رہے ہیں، اس لیے کھیل اور کھلاڑی کے مسائل ان سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا، ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ہمیں کھلاڑیوں پرمحنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اسکواش میں ماضی کی طرح عروج حاصل کر سکیں، اس مقصد کیلیے پاکستان اسکواش کے وسائل بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں جتنے زیادہ جونیئر اور سینئر ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اتنا ہی زیادہ نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور بچوں کی اسکواش میں دلچسپی بڑھانے کا باعث بھی بنیں گے۔

جان شیر خان کا کہنا تھاکہ پاکستان اسکواش کو کامیاب بنانے کیلیے یہ ہی واحد حل ہے، اس سے نوجوان پلیئرز اس کھیل کی جانب راغب ہوں گے، چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل مینز اینڈ ویمنزٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسے ایونٹس کے تسلسل کے ساتھ انعقاد سے کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوگا اور نوجوان پلیئرز کھیل کی جانب راغب ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں