سپریم کورٹ نے چیرمین نیب کی تقرری کالعدم قرار دینے سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

سابق چیرمین نیب ایڈمرل(ر) فصیح بخاری نے اپنے وکیل کے توسط سے عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست جمع کرادی ہے


ویب ڈیسک May 31, 2013
چیرمین نیب کی تقرری کے لئے نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 بی ون کے تحت مشاورت نہیں کی گئی، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کی تقرری کو کالعدم قرار دینے سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جب کہ دوسری جانب فصیح بخاری نے عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق 27 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے جب اس وقت کے چیرمین نیب دیدارحسین شاہ کی تقرری کالعدم قرار دی تو حکومت سے کہا کہ ایک ماہ کے دوران نئے چیرمین کا تقررکردیا جائے لیکن بادل نخواستہ چیرمین نیب کی تقرری کے لئے نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 بی ون کے تحت مشاورت نہیں کی گئی۔ عدالت نے قراردیا کہ نیب آرڈیننس کا سیکشن 6 بی ون کہتا ہے کہ چیرمین کے تقررکے لئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی جائے لیکن ایڈمرل(ر) فصیح بخاری کی تقرری کے وقت اس پرعمل نہیں کیا گیا۔


سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ اگر صدر کو قائد حزب اختلاف کی تجویز پر اختلاف تھا تو وہ انہیں خط لکھ سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا گیا بلکہ جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیرمین نیب کی تقرری کردی گئی، سپریم کورٹ نے قراردیا کہ چیرمین نیب کی تقرری سے عدالت یہ نتیجہ نکالنے پر مجبور ہے کہ صدر کی جانب سے اس معاملے پر قائد حزب اختلاف سے سنجیدہ اورمخلصانہ کوششیں نہیں کی گئیں۔


دوسری جانب فصیح بخاری کی جانب سے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ نے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست جمع کرادی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہے کہ آئین اور قانون میں چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کا واضح طریقہ موجود ہے اورعدالت چیرمین نیب کو اس طرح عہدے سےنہیں ہٹاسکتی۔

واضح رہے کہ جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے گزشتہ منگل کو چیئرمین نیب فصیح بخاری کی تقرری کے خلاف چوہدری نثارعلی خان کی درخواست کی سماعت کے بعد مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ چیئرمین نیب کی تقرری نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 ون بی کی خلاف ورزی ہے اور مشاورت کاعمل پورا نہیں کیا گیا، عدالت نے حکومت کو حکم دیا تھا کہ نئے چیرمین نیب کی تقرری کے لئے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں