وفاق میں ہماری حکومت ہوتی تو امریکا ڈرون حملے کی ہمت نہ کرتا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

انتخابی مہم کےدوران عوام سےکئےگئےوعدے کےمطابق تھانےکچہری اورپٹوارخانے کی زیادتیوں سے شہریوں کو نجات دلائیں گے،پرویزخٹک


ویب ڈیسک May 31, 2013
صوبے میں کرپشن ایک ناسور کی صورت اختیار کر گیا ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پرویز خٹک۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگر وفاق میں ہماری حکومت ہوتی تو امریکا کبھی ڈرون حملے کرنے کی ہمت نہیں کرتا، نواز شریف اور وفاقی حکومت ڈرون حملوں کے خلاف واضح پالیسی لے کر آئیں کیوں کہ ہم وفاقی حکومت کی مرضی کے بغیر ڈرون حملے ختم نہیں کراسکتے۔

وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، ہم صرف مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں اور جس تبدیلی کے لیے عمران خان اور تحریک انصاف کو ووٹ دیا گیا وہ آج سے شروع ہو گئی ہے، ہم نے دنیا کے بہترین ماہرین کی مشاورت سے مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوئی ہوئی نہیں بلکہ جاگتی ہوئی حکومت ہو گی جو کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرے گی، ہم اپنی باتوں اور تقریروں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے تھانے کچہری اور پٹوار خانے کی زیادتیوں سے شہریوں کو نجات دلائیں گے، خیبر پختون خوا کو کرپشن فری صوبہ بنایا جائے گا اور انصاف، کاروبار اور روزگار کے مواقعوں، معیاری صحت اور تعلیم کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائيں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں کرپشن ایک ناسور کی صورت اختیار کر گیا ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، اگر صوبے کے کسی بھی ادارے میں رشوت لینے سے متعلق کوئی شکایت ملی تو سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے 2 دن میں صوبے کے اسپتالوں کو دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اوراسپتال کے عملے کی غیرحاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اگر ڈاکٹر غیر حاضر ہوں یاانتظام درست نہ ہو تو عوام اس کی شکایت حکومت سے کریں ہم ایسے ڈاکٹرکوفوری طورپر فارغ کردیں گے۔ نو منتخب وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو محسوس نہیں ہونے دیا جائے گا وہ الگ ہیں اور ہم الگ ہیں اور نہ ہی کسی کے حق پر ڈاکہ ڈالا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں