کیریبیئن پریمیئر لیگ فواد احمد نے ٹرائنباگو کو فائنل میں پہنچا دیا

آسٹریلوی اسپنر نے 3 وکٹیں اڑائیں، ٹرافی کیلیے آج گیانا ایمازون واریئرز سے مقابلہ

آسٹریلوی اسپنر نے 3 وکٹیں اڑائیں، ٹرافی کیلیے آج گیانا ایمازون واریئرز سے مقابلہ۔ فوٹو: فائل

کیریبیئن پریمیئر لیگ میں فواد احمد نے دفاعی چیمپئن ٹرائنباگونائٹ رائیڈرز کو فائنل میں پہنچادیا، انھوں نے شاندار بولنگ سے اپنی ٹیم کو سینٹ کٹس اینڈ نیویس کیخلاف دوسرے کوالیفائرزمیں20 رنزسے فتح دلائی۔

آسٹریلیا کے پاکستانی نژاد اسپنر فواد احمد اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، دوسرے کوالیفائرز میں بھی انھوں نے اپنی شاندار بولنگ سے دفاعی چیمپئن ٹرائنباگونائٹ رائیڈرز کو سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس پر20 رنزکی فتح دلاکرفائنل میں پہنچادیا ہے۔


اگرچہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے سیزن کا اختتام پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا تھا تاہم پہلے کوالیفائرزمیں اسے گیانا ایمازون واریئرز کے ہاتھوں منگل کوشکست ہوگئی تھی مگراسی ٹیم کے ساتھ اب اتوار کو فائنل میں مقابلہ ہوگا، کامیابی کی صورت میں یہ نائٹ رائیڈرزکی 4 برس میں تیسری ٹرافی ہوگی، سینٹ کٹس کو فتح کیلیے 166 رنز کا ہدف ملا مگر وہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 145 رنزبناپائی، تھامس نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، برینڈن کنگ نے 33 رنز بنائے جبکہ فابیان ایلین 32 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، کرس گیل صفر پر آئوٹ ہوئے، فواد نے 3 اور سنیل نارائن نے 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز نے 6 وکٹ پر 165 رنز بنائے جس میں سب سے زیادہ حصہ برینڈن میک کولم نے 43 رنز کے ساتھ ڈالا، کولن منرو نے اس بار 29 رنز اسکور کیے، دنیش رامدین 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ کوٹریل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فواد احمد کو ہی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 
Load Next Story