میانوالی میں خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اترگئی 20 مسافر زخمی

حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں، ٹریک بند ہونے سے ریل گاڑیوں کی آمد و رفت معطل


آصف محمود September 16, 2018
حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں، ٹریک بند ہونے سے ریل گاڑیوں کی آمد و رفت معطل فوٹو:آصف محمود

خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اترگئی جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہوگئے۔

میانوالی میں مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ہے تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں جس سے ٹریک بند ہوگیا اور پنڈی سیکشن پر ریل گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی جب کہ دو روز قبل چلائی جانے والی میانوالی ریل کار بھی بند ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مسان ریلوے اسٹیشن جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث امدادی کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کو دیگر مقامات سے ملانے والا سواں پل بھی ٹوٹا ہوا ہے جس کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔

ریسکیو حکام نے کندیاں اسٹیشن سے بھی امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہے۔ ریسکیو انچارج کا کہنا ہے کہ ٹرین کو حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا اور جس جگہ پر ٹرین الٹی ہے وہاں صرف ریلوے ٹریک کے ذریعے ہی پہنچا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں