قومی پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

14ویں منتخب قومی اسمبلی کے اسپیکروڈپٹی اسپیکرکیلیے ووٹنگ3جون کوہو گی،پنجاب اسمبلی میں قائدایوان کا انتخاب6جون کوہوگا


14ویں منتخب قومی اسمبلی کے اسپیکروڈپٹی اسپیکرکیلیے ووٹنگ3جون کوہو گی،پنجاب اسمبلی میں قائدایوان کا انتخاب6جون کوہوگا فوٹو: اے پی پی

قومی اسمبلی اور پنجاب و بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے افتتاحی اجلاس آج ہوں گے جن میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائینگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی 14ویں منتخب قومی اسمبلی آج (ہفتے کو) حلف اٹھائے گی جس کے ساتھ ہی ملکی تاریخ میں پہلی بار پرامن اور جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ نومنتخب ارکان کے استقبال، سیکیورٹی انتظامات اور ارکان کی حلف برداری سمیت تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ 18فروری 2008 کے عام انتخابات کے بعد وجودمیں آنے والی قومی اسمبلی نے 17مارچ2008 کو حلف اٹھایاتھا جس نے 19مارچ کو ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کو اسپیکر منتخب کیا۔ گزشتہ قومی اسمبلی کی 5سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد 11مئی 2013ء کے انتخابات کے نتیجے میں قومی تاریخ میں پہلی بار جمہوری، پرامن اور آئینی طریقہ کار کے تحت ملک کی 14ویں قومی اسمبلی وجود میں آئی ہے۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نومنتخب ارکان سے حلف لیں گی جس کے بعد نومنتخب ارکان قومی اسمبلی رجسٹر میں دستخط کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسبملی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کریں گی۔ نئے اسپیکر کا انتخاب ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اپنی زیر نگرانی کرائیں گی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب نومنتخب اسپیکر کی زیرنگرانی ہوگا۔ یکم جون کو منعقدہ اجلاس میں ارکان کو اردو حروف تہجی کے اعتبار سے بٹھایاجائے گا جبکہ پارلیمانی لیڈرز کو اولین نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق یکم جون کو منعقدہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کی حلف برداری کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس 3جون تک ملتوی کردیا جائے گا جبکہ 2جون کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی دن 12بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کو داخل کرائے جا سکیں گے۔

3جون کے اجلاس میں سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ 4جون کو وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دن 2بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کے آفس میں جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ 5جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب کیاجائے گا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کی سہولت اور رہنمائی کے لیے استقبالیہ ڈیسک پارلیمنٹ ہائوس، پارلیمانی لاجز، گورنمنٹ ہاسٹل اور بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر قائم کردیے ہیں۔ دریں اثنا متعدد ارکان اسمبلی گزشتہ روز ہی اسلام آباد پہنچ گئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے افتتاحی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہائوس میں ضروری مرمت اور تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کرلیا ہے۔ اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں اور قومی اسمبلی کے سیکیورٹی عملے کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔



قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے لیے خصوصی دعوت نامے اعلیٰ سول و فوجی حکام، غیرملکی سفارت کاروں، آئینی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات کو جاری کیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے مجموعی ارکان کی تعداد 342 ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اب تک 333 ارکان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیاہے اور وہی ارکان حلف اٹھاسکیں گے۔ آئی این پی کے مطابق نواز شریف 13سال 8ماہ بعد بطور رکن قومی اسمبلی آج پارلیمنٹ ہائوس میں داخل ہوں گے۔ ثناء نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے زیرحراست نومنتخب رکن قومی اسمبلی شاہجہاں بلوچ کی آج اجلاس میں شرکت کے لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج صبح 10بجے اسپیکر رانا محمداقبال کی زیرصدارت ہوگا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اسی روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے جائیں گے۔

کل(اتوارکو) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔ 5جون کو قائدایوان کے انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے جبکہ 6 جون کو قائد ایوان کے انتخاب کے حوالے سے ووٹنگ ہوگی اور قائدایوان کا انتخاب ہوگا۔ پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 200 سے زائد نئے چہرے حلف اٹھائیں گے۔ موجودہ اسمبلی صوبہ پنجاب کی 16 ویں اسمبلی ہو گی۔ افتتاحی اجلاس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسمبلی عمارت کے اطراف شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی جبکہ اطراف میں واقع عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ ادھر بلوچستان اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بھی آج شام 5 بجے ہو گا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

قائد ایوان، اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے شیڈول کااعلان کردیا گیاہے۔ 4جون کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو گا اور 3روز بعد 7 جون کو صوبائی اسمبلی نئے قائدایوان کا انتخاب کرے گی۔اسلام آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آج رکن قومی اسمبلی کا حلف نہیں اٹھائیں گے کیونکہ انھوں نے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیاکہ انھوں نے 3 میں سے کون سے سیٹ اپنے پاس رکھنی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان علالت کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں