صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے

موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے سے پہلے عوام سے جو وعدے کیے ہیں


Editorial September 17, 2018
موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے سے پہلے عوام سے جو وعدے کیے ہیں۔ فوٹو: انٹرنیٹ

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے، جسکی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تمام افراد کو صحت کی اچھی اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبائی وزراء صحت و بہبود آبادی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم سب کو عوام کی خدمت کرنے کامینڈیٹ ملا ہے۔ اجلاس میں ملک میں آبادی میں اضافے کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ جہاں تک آبادی میں اضافے پر قابو پانے کا تعلق ہے تو اس حوالے سے ایک نکتہ نظر یہ بھی ہے کہ امریکا کی محیر العقل ترقی کی ایک بڑی وجہ اس نو دریافت خطے کی آبادی میں بے تحاشا اضافہ بھی ہے کیونکہ یہاں ریڈ انڈینز کی جو قلیل آبادی پہلے سے موجود تھی وہ نئے خطے کو اتنی زیادہ ترقی دینے کے قابل نہیں تھی جو اس خطے میں آباد کاروں کے جوق در جوق آنے کے بعد ممکن ہوئی۔

یعنی انسانی آبادی کو اگر فہم و فراست اور سلیقے سے استعمال میں لایا جائے تو ملک اوج ثریا پر پہنچ سکتا ہے ورنہ عوام الناس کی حالت بھیڑ بکریوں جیسی رہے گی' بہرحال وفاقی وزیر کا یہ کہنا بجا ہے کہ پاکستان میں پچھلے ستر سال سے صحت کے شعبہ پر کسی نے توجہ نہیں دی، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست کرونگا کہ آنیوالے بجٹ میں صحت کے بجٹ میں اضافہ کریں، ملک میں آبادی میں اضافے کی شرح کو کنٹرول کرنا' انسانی وسائل کو بہترین انداز میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرنا اور انسانوں کی صحت کے لیے جامع نظام وضع کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

موجودہ حکومت نے برسراقتدار آنے سے پہلے عوام سے جو وعدے کیے ہیں' اب انھیں پورا کرنے کا وقت ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت صحت کے شعبے کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے کیا اقدام کرتی ہے اور عوام کو کتنا ریلیف ملتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کراچی' لاہور، راولپنڈی' اسلام آباد میں موجود اسپتالوں کی حالت کو بہتر بنائے جب کہ نسبتاً کم ترقی یافتہ شہروں مثلاً پشاور' ملتان' حیدر آباد' فیصل آباد وغیرہ میں موجود اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنائے بلکہ یہاں نئے اور جدید اسپتال تعمیر کرے' اس کے علاوہ ملک کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کرے تاکہ وہاں کے لوگ علاج و معالجے کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں