جوتے کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں

مندرجہ بالا نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے جوتے کی خریداری کریں تو آپ کئی مشکلات سے بچ سکیں گی

مندرجہ بالا نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے جوتے کی خریداری کریں تو آپ کئی مشکلات سے بچ سکیں گی۔: فوٹو : فائل

خواتین دیگر آرائشی اشیاء کے ساتھ ساتھ جوتوں کو بھی بڑی اہمیت دیتی ہیں، کیوں کہ وہ جانتی ہیں کہ جوتے نہ صرف ان کی تیاری کے مراحل کی تکمیل میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، بلکہ ان کا انتخاب خواتین کی شخصیت کے مجموعی تاثر پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جوتوں کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ اس کے لیے ہم آپ کو چند نکات بتاتے ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے لیے جوتوں کا انتخاب کرسکتی ہیں۔

٭سب سے پہلے تو یہ دیکھیں کہ جوتا آپ کے پیروں میں پوری طرح فٹ آنا چاہیے، یعنی تنگ ہرگز نہ ہو۔ جوتا پہن کر چند قدم چل کر دیکھیں، اس سے آپ کو ٹھیک اندازہ ہوجائے گا۔ بڑا جوتا پاؤں میں فٹ نہیں ہوتا اور چلنے میں دشواری کا باعث بنتا ہے، لیکن چھوٹا یا تنگ جوتا نہ صرف آپ کے پاؤں کی ہڈی اور گوشت وغیرہ کو دباکر آپ کو اعصابی تکلیف میں مبتلا کرتا ہے، بلکہ اس سے پاؤں میں چھالے بھی بن جاتے ہیں۔

ہڈیوں کی تکلیف پٹھوں کی تکلیف، چال میں خرابی ہونے اور اسی طرح کی کئی دوسری شکایات پیدا ہوتی ہیں جو نہ صرف آپ کے پیروں کے ظاہری حسن کو برباد کرکے آپ کی شخصیت کو بھی بگاڑتی ہیں، بلکہ آپ کو ایک مستقل اعصابی تناؤ کا شکار رکھتی ہیں۔

٭ دوسری بات یہ ہے کہ جوتا یا سینڈل جو بھی خریدا جائے، وہ ہلکا پھلکا، نرم اور آرام دہ ہو، زیادہ سخت یا وزنی جوتے یا سینڈل کچھ دیر تو پہنے جاسکتے ہیں، لیکن زیادہ دیر تک پہننے کی صورت میں پیروں میں تھکن اور تکلیف ہوجاتی ہے جو زیادہ پریشانی کا باعث بنتی ہے لہٰذا جوتا یا سینڈل ہمیشہ ہلکا نرم اور آرام دہ ہی خریدنا چاہیے۔

٭جوتا یا سینڈل خریدتے وقت اس بات کو ضرور مدنظر رکھیں کہ آپ کے پیروں کی ساخت کیسی ہے اور ان پر کیا جچے گا۔ جوتا یا سینڈل، اگرچہ فیشن کو بھی کسی حد تک مدنظر رکھنا چاہیے لیکن ایسے کسی بھی فیشن سے گریز کرنا چاہیے جو آپ کے پیروں کو تکلیف پہنچائے اور آپ کی شخصیت کو مضحکہ خیز بنادے۔ مثلاً اگر کوئی فربہ جسم یا موٹی خاتون بہت اونچی اور پتلی ہیل صرف فیشن کے لیے پہن لیں تو یہ ان پر بہت بری لگے گی۔

اسی طرح اگر بہت گہرے رنگ کی حامل خاتون کریم یا سفید رنگ کی سینڈل یا جوتے پہن لیں جن سے ان کے پاؤں دکھائی دیتے ہوں تو یہ ان پر اچھے نہیں لگیں گے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے وہ فیشن تو ضرور اپنائیں مگر جوتے یا سینڈل ایسے پہنیں جو زیادہ سے زیادہ ان کے پاؤں کو ڈھانپ لیں۔ اس طرح پیروں کی حفاطت بھی ہوجائے گی اور پاؤں بدنما بھی نہیں لگیں گے۔


٭اکثر خواتین بند جوتوں یا سینڈلوں کا زیادہ استعمال کرتی ہیں، اس کی وجہ ان کی اپنی پسند کے علاوہ انہیں اپنے پیروں میں جوتا یا سینڈل ہی مناسب معلوم ہوتا ہے، اس لیے وہ زیادہ تر جوتا یا سینڈل پہننا ہی پسند کرتی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ ممکنہ حد تک ہموار جوتا یا سینڈل خریدیں۔ اگر ان کا قد بہت کم ہے تو موٹے سول والے جوتے اور سینڈل مناسب رہیں گے۔ ہائی ہیل سے زیادہ سے زیادہ گریز کریں، کیوں کہ ہائی ہیل نہ صرف اعصاب اور پٹھوں میں تناؤ پیدا کرکے آپ کو تکلیف میں مبتلا کرتی ہے، بلکہ اس تکلیف سے پیدا ہونے والا اعصابی تناؤ آپ کے چہرے کی خوب صورتی ، تازگی اور شگفتگی چھین کر آپ کے چہرے کو کرب اور تکلیف کا عکاس بنا دیتا ہے۔

٭ جوتے کے انتخاب میں فیشن بھی اہمیت رکھتا ہے، لیکن آپ فیشن کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں کے آرام کا بھی خیال رکھیں، اگر فیشن کے مطابق جوتا آپ کے پیروں کو تکلیف میں مبتلا کررہا ہے تو اسے پہننے سے گریز کریں، کیوں کہ ایسا جوتا یا سینڈل آپ کو مسلسل اذیت میں مبتلا رکھے گا جو آپ کے لیے کسی طرح بھی مناسب نہیں ہوگا۔ صرف پیروں میں جوتا فیشن کے مطابق ہوگا، باقی آپ کی شخصیت اور چہرے کی خوب صورتی شدید متاثر ہوگی اور ظاہر ہے کہ آپ ایسا کبھی نہیں چاہیں گی لہٰذا جوتے کے انتخاب میں فیشن کے ساتھ ساتھ اپنے پیروں کے آرام کا بھی خاص خیال رکھیں اور اگر فیشن کے ساتھ جوتا یا سینڈل آرام دہ بھی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی۔

٭ جوتے کے انتخاب میں موسم کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ سرد موسم میں بند جوتے اور سینڈلز نہ صرف آپ کے پیروں کو گرم رکھیں گے، بلکہ انہیں خشک و سرد ہوا کے اثرات سے بھی محفوظ رکھیں گے اور گرم موسم میں کھلے جوتے استعمال کرنے چاہئیں، تاکہ پیر نہ صرف پسینے کی بدبو سے بچائے جاسکیں بلکہ انہیں پسینے سے پھیلنے والے جراثیم کے اثرات سے بھی بچایا جاسکے۔

گرم موسم میں بند جوتے پیروں میں مناسب بھی نہیں لگتے اور پیر بھی تکلیف میں مبتلا رہتے ہیں لہٰذا گرم موسم میں کھلے جوتے اور سینڈل استعمال کریں، لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ مکمل طور ر آرام دہ ہوں ۔

٭ جوتے اور سینڈلز کے استعمال میں ایک بات یہ بھی مدنظر رکھنی چاہیے کہ آپ جس تقریب میں یا جس محفل میں شرکت کے لیے جارہی ہیں تو آپ اپنی پسند کے مطابق جوتے استعمال کرسکتی ہیں لیکن اگر کہیں تعزیت یا مریض کی عیادت کے لیے جارہی ہیں یا آپ کسی دفتر یا اسکول میں کام کرتی ہیں تو ایسی جگہ کے لیے سوبر اور سادہ جوتے اچھے لگیں گے اور اگر ان جگہوں پر شوخ رنگوں والے یا گولڈن سلور جوتے یا سینڈل استعمال کریں گی تو یہ بہت برے محسوس ہوں گے۔ کالے یا براؤن رنگ کے جوتے ان جگہوں کے لیے زیادہ مناسب رہیں گے۔

مندرجہ بالا نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے جوتے کی خریداری کریں تو آپ کئی مشکلات سے بچ سکیں گی۔ جوتے کی خریداری کرتے وقت فیشن اپنی شخصیت موسم اور ضرورت کو مدنظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خاص خیال رکھیں کہ جوتا یا سینڈل آرام دہ ہو جو آپ کے پیروں کو تکلیف میں مبتلا نہ کرے۔
Load Next Story