
قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں چوہدری نثار علی خان نے قائد ایوان کے لئے نواز شریف کا نام تجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
قائد ایوان کی حیثیت سے نامزدگی کے بعد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے، قوم نے انہیں ان بحرانوں کے خاتمے کے لئے منتخب کیا ہے، قوم نے اپنا کام کردیا اب ہمیں ان کی توقعات کو پورا کرنا ہوگا اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان عہدوں کے حصول کو اپنا مقصد نہ بنائیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کا احتساب کرنا ہوگا، وہ عہد کرتے ہیں کہ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ بھی عہد کریں کہ نہ خود کرپشن کریں گے اور نہ برداشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تاریخ کے بدترین تونائی بحران کا سامنا ہے، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے 550 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے، اس کے علاوہ سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔