بورڈ کے سخت رویے سے پیٹرسن کے مزاج ٹھکانے آگئے

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شائد کیون پیٹرسن کو میگا ایونٹ کے...


Sports Desk August 16, 2012
ٹیکسٹ تنازع پر کپتان اور ٹیم سے معافی مانگ لی،ورلڈکپ کھیلنے کا امکان معدوم (فوٹو : فائل)

انگلش بورڈ کے سخت رویے سے کیون پیٹرسن کے مزاج ٹھکانے آگئے، ٹیکسٹ تنازع پر کپتان اینڈریو اسٹروس اور ٹیم سے معافی مانگ لی، ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہش ابھی بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے، ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیو مورس کا کہنا ہے کہ بیٹسمین کی انگلش سیٹ اپ میں واپسی سے قبل مزید کچھ معاملات کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت ہے، ان کا جائزہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد ہی لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرسن نے بورڈ کے حکم پر سرتسلیم خم کرتے ہوئے ٹیکسٹ تنازع پر کپتان اینڈریو اسٹروس اور دیگر ٹیم سے معافی مانگ لی۔

ایک بیان میں انھوں نے تسلیم کیا کہ انھوں نے حریف سائیڈ جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو ٹیکسٹ میسج بھیجے مگر ان کا اصرار تھا کہ وہ صرف ہنسی مذاق کیلیے تھے۔ گذشتہ روز اسٹروس نے واضح کیا کہ یہ سارا معاملہ اب اعتماد اور احترام پر منحصر ہو گیا جس کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ اس بارے میں مزید بات چیت جمعرات سے شیڈول لارڈز ٹیسٹ کے بعد ہوگی جبکہ انگلینڈ کو ٹوئنٹی 20 اسکواڈ کا اعلان ہفتے تک کرنا ہے، اس لیے یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شائد کیون پیٹرسن کو میگا ایونٹ کے اسکواڈ میں شامل نہ کیا جائے۔

ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیو مورس کا کہنا ہے کہ ہمیں کیون پیٹرسن کی معافی موصول ہوچکی،مگر ابھی اس بات کا جائزہ لینا ہوگاکہ کیا کھلاڑیوں کے درمیان دوبارہ اعتماد کا رشتہ قائم ہوسکتا ہے تاکہ سب صرف کرکٹ پر توجہ سکیں اور پوری ٹیم متحد ہو، یہ بات چیت بند دروازوں کے پیچھے ہوگی، ان مذاکرات کا کامیاب اختتام ہر ایک کے بہترین مفاد اور خود کیون پیٹرسن کی تمام فارمیٹس میں سلیکشن کیلیے کافی ضروری ہے، اس وقت ہمارے سامنے ایک اہم ترین لارڈز ٹیسٹ ہے، اس لیے اب مزید ای سی بی اس ایشو کے بارے میں کوئی بات نہیں کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں