یو اے ای کرکٹ سیریز 2 دن میں ون ڈے میچ سے نئی تاریخ رقم ہوگی

پاکستان سے قبل آسٹریلیا افغانستان کیساتھ مقابلہ کرے گا


Sports Desk August 16, 2012
25اگست کوافغانستان اور آسٹریلیا کا مقابلہ6بجے شروع ہوکر پونے دوبجے شب ختم ہو گا (فوٹو : فائل)

QUETTA: رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والی سیریز میں کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہوگی، پہلی مرتبہ ون ڈے میچ دو دنوں پر محیط ہوگا، منفرد اوقات میں کھیلے جانیوالے پہلے ایک روزہ مقابلے کی میزبانی کا اعزاز شارجہ کو حاصل ہوگا، 25 اگست کو افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 6 بجے شروع ہوکر پونے دوبجے شب اختتام پذیر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ اسٹیڈیم کا نام چند ماہ قبل ریکارڈ ون ڈے میچز کی میزبانی پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا اب یہاں پر 25 اگست کو کرکٹ کی ایک نئی تاریخ رقم ہونیوالی ہے، جب افغانستان ون ڈے میچ میں آسٹریلیا سے مقابلہ کریگا تو یہ دو دنوں پر محیط تاریخ کا پہلا ایک روزہ میچ ہوگا امارات کرکٹ بورڈ اور شارجہ کرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹر مظہر خان کا کہنا ہے کہ سخت گرمی اور نمی کی وجہ ون ڈے میچز کا آغاز شام 6 بجے ہوگا، اگر مکمل 50، 50 اوورز کھیلے گئے تو میچ رات پونے دو بجے ختم ہوگا، اس طرح رات 12 بجے کے بعد دوسرا دن شروع ہوچکا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سے قبل آسٹریلیا افغانستان کیساتھ مقابلہ کر گا جس کے بارے میں کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے، افغان شائقین بے تابی سے اس معرکے کا انتظار کررہے اور یہ فل ہائوس میچ ثابت ہوگا، اس کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 28 اگست اور 3 ستمبر کو اسی وینیو پر دو ون ڈے کھیلے جائینگے وہ بھی شام 6 بجے ہی شروع ہوںگے، ہم نے رات کے کھانے کا وقفہ ساڑھے 9بجے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 45 منٹ کے بریک کے بعد کھیل 10 دس بجے شروع جبکہ پونے دو بجے اختتام ہوگا۔

ان اوقات کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آسٹریلوی شائقین اپنے ملک میں ناشتے کے اوقات میں ٹی وی پر براہ راست ایکشن سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ یاد رہے کہ شارجہ اب تک 204 ون ڈے میچز کی میزبانی کرچکا ہے، پاکستان اپنا دوسرا ایک روزہ میچ 31 اگست کو ابوظبی میں کھیلے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں