لاہور چیمبر کا ڈیمز فنڈ کیلیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ

عطیے کاچیک طاہرجاویدنے خاوررشید،ذیشان خلیل ودیگرارکان کے ہمراہ وزیراعظم کوپیش کیا۔

ڈیمزفوری تعمیرنہ ہوئے توقحط سالی کاسامناکرناپڑسکتاہے،عمران خان،تاجروں کے جذبے کوسراہا۔ فوٹو: فائل

لاہور چیمبر نے وزیراعظم عمران خان کے ڈیم فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔

ڈیم فنڈ میں ایک کروڑ روپے کے عطیے کا چیک لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا۔


وزیراعظم نے لاہور چیمبر کے عطیے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلیے اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آبی بحران کو ملک کیلیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کیے گئے تو آئندہ 7 سال تک ملک کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود بھاری قرضوں کی وجہ سے ڈیم کی تعمیر کیلیے قرضہ ملنا مشکل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگرچہ ملک کو کئی معاشی چیلنجز درپیش ہیں مگر سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ آبی ذخائر میں صرف 30دن تک پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے جبکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک ملک میں پانی ذخیرہ رکھنے کی صلاحیت کم از کم 120دن ہونی چاہیے لہذا ملک میں ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔
Load Next Story