بیشتر اشیا کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی

خام تیل، تانبہ، ٹن، کلئی، خام چینی شامل، سونا وچاندی، سفید چینی کی قیمتوں میں اضافہ


AFP June 02, 2013
کمزور معاشی آؤٹ لک،چینی نمومیں کمی کے خدشات کی وجہ سے مارکیٹس دباؤ میں رہیں۔ فوٹو: عیسیٰ ملک

عالمی معیشت کے کمزور آؤٹ لک کے باعث سرمایہ کاروں کے محتاط رویہ اختیار کرنے پر بیشتراجناس کی بین الاقوامی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی۔

ترقی یافتہ معیشتوں کی تنظیم اوای سی ڈی کی جانب سے عالمی اقتصادی نمو کا اندازہ 3.4 فیصد سے کم کرکے 3.1 فیصد کرنے کے نتیجے میں بھی سرمایہ کاری رجحان پر منفی اثرات ہوئے جبکہ چین گروتھ ریٹ توقعات سے کم رہنے کے خدشات نے عالمی مارکیٹس پر دباؤ میں اضافہ کیا اور یورو زون میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر 12.2 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی اطلاع نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

گزشتہ ہفتے خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی ہوئی، لندن انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی جولائی میں فراہمی کے لیے قیمت ایک ہفتے میں 102.27 ڈالر سے کم ہو کر 101.06 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی) یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی جولائی میں فراہمی کے لیے قیمت93.91 ڈالر سے گھٹ کر92.67 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔



قیمتی دھاتوں کی قدر گزشتہ ہفتے بڑھی، لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے میں 1390.25 ڈالر سے بڑھ کر 1394.50 ڈالر فی اونس ہوگئی، چاندی کی قیمت 22.38 سے بڑھ کر22.57 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران پلاٹینم کی قیمت 1455 سے بڑھ کر 1459 ڈالر فی اونس، پلاڈیم کی قیمت729سے بڑھ کر744 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ بنیادی دھاتوں کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے ملاجلارجحان رہا۔

لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی قیمت 7315.75 ڈالر سے گھٹ کر7270 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت1854.5 ڈالر سے بڑھ کر1902 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2055.75 ڈالر سے بڑھ کر 2183 ڈالر، ٹن کی قیمت 21200 ڈالر سے گھٹ کر20900 ڈالر، کلئی کی قیمت 14910 ڈالر سے گھٹ کر 14670 ڈالرفی ٹن اور زنک کی قیمت 1861.75 ڈالر سے بڑھ کر 1912ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میںبھی ملا جلا رجحان رہا، خام چینی کی قیمت 16.79 سینٹ سے گھٹ کر16.72 سینٹ فی پاؤنڈ اور سفید چینی کی قیمت 475.50 ڈالر سے بڑھ کر 479.80 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔