فرنچ اوپن جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے تاریخ رقم کردی

نڈال بھی فتحیاب، ویمنز سنگلز میں فتوحات کی بدولت ماریا شراپووا، آذرنیکا اور شیوانے نے راؤنڈ 16 میں جگہ بنالی۔


Sports Desk June 02, 2013
فرنچ اوپن: نیشکوری کیخلاف میچ میں بینوئٹ پائر اسپینش چیئر امپائر سے جرح کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

کائی نیشکوری نے فرنچ اوپن میں تاریخ رقم کردی، وہ 75 برس بعد چوتھے راؤنڈ تک پہنچنے والے پہلے جاپانی مرد کھلاڑی بن گئے۔

ان سے قبل 1938 میں جاپان کے فومیتیرو نیکانو پیرس نے یہ اعزاز پایا تھا،کائی نیشکوری نے بینوئٹ پائر کو زیر کیا جو پنالٹی پوائنٹ عائد کیے جانے پر چیئرامپائر و ٹورنامنٹ آفیشل سے بھی الجھ پڑے،ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا اور تھرڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا اور فرانسسکا شیوانے نے راؤنڈ16 میں جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے تیسرے راؤنڈ میں میزبان فرانس کے بینوئٹ پائر کو 6-3، 6-7(7/3)،6-4 اور 6-1 سے مات دی، وہ 75 برس بعد چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے پہلے جاپانی مرد کھلاڑی بن گئے، بینوئٹ پائر دوسرے سیٹ میں 5-4 کی برتری کے بعد سیٹ پوائنٹ جیتنے کی پوزیشن میں تھے کہ نیشکوری نے 30-40 پر سروس کی۔

اس موقع پر اسپینش چیئرامپائر ایرنک مولینا نے پائر پر پوائنٹ کی پنالٹی لگا دی، گرینڈ سلم ایونٹس میں دوران میچ کوچنگ کی اجازت نہیں ہوتی اور پائر نے قواعد کی خلاف ورزی کی تھی، اگرچہ پائر نے یہ سیٹ ٹائی بریکر پر اپنے نام تو کرلیا لیکن اس کے بعد دیگر دو سیٹس میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، روس کے میخائل یوزنی نے سربیا کے جانکو تیپسرووچ کو 6-4،6-4 اور 6-3 سے ہرایا،دفاعی چیمپئن نڈال نے فابیو فوگنینی کو مات دیدی، ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا اور تھرڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا نے راؤنڈ 16 میں جگہ بنالی لیکن دونوں پلیئرز نے مجموعی طور پر 18 ڈبلز اور 65 غیر ضروری غلطیاں کیں،ورلڈ نمبر2 شراپووا نے چینی حریف ژینگ ژی کیخلاف اسٹریٹ سیٹ میں 6-1، 7-5 سے کامیابی حاصل کی۔



سیکنڈ سیڈ روسی پلیئر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کیلیے امریکا کی سلونی اسٹیفنزکے مقابل آئیں گی، جنھیں وہ دو ہفتے قبل روم ماسٹرز میں باآسانی ٹھکانے لگاچکی ہیں، ماریا نے اس مقابلے میں 34 غیرضروری غلطیاں کیں، میچ کے بعد اپنے کھیل میں خامی کااعتراف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں دوسرے سیٹ میں خوش قسمت ثابت ہوئی، مجھے مقابلہ ٹائی بریکر پر جاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا لیکن اسٹریٹ سیٹ میں فتحیاب ہوگئی، کیریئر کا 11واں فرنچ اوپن کھیلنے والے ماریا شراپووا کو اگلے میچ سے قبل اپنے کھیل میں بہتری درکار ہوگی۔

بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرنیکا نے بھی فرنچ حریف آلیز کورنیٹ پر4-6، 6-3 اور 6-1 سے غلبہ پانے میں 10 ڈبل اور 31 غلطیاں کیں، 23 سالہ آسٹریلین اوپن چیمپئن کو راؤنڈ 8 میں جانے کیلیے 2010 کی چیمپئن فرانسسکا شیوانے سے ٹکرانا ہوگا، امریکا کی سلونی اسٹیفنزنے نیوزی لینڈ کی مارینا ایراکووک کو 6-4، 6-7(5/7) اور6-3 سے مات دیکر مسلسل دوسرے برس ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی،2011 کی چیمپئن لینا کو ٹھکانے لگانے والی امریکا کی بیتھنی میٹک سینڈز نے ارجنٹائنی کوالیفائر پاؤلا اورمیچیا کو4-6، 6-1 اور6-3 سے مات دے کر پہلی مرتبہ راؤنڈ16 میں جگہ بنالی،روس کی ماریا کریلنکو نے سوئس حریف اسٹیفنی ووئجل کو 7-6 اور 7-5 سے ہرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں