ایشیا کپ بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دیدی

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے 127 رنز کی اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک September 18, 2018
فوٹو: آئی سی سی

ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

دبئی میں جاری ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 285 رنز بنائے جس کے جواب میں ہانگ کانگ نے بھرپور مقابلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان اور انشومان راتھ نے ٹیم کو 174 رنز کا ناقابل یقین آغاز فراہم کیا، دونوں اوپنرز نے بھارتی بولرز کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف بھرپور اسٹروکس کھیلے، انشومان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، بدقسمتی سے اگلے ہی اوور میں نزاکت بھی صرف 8 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے، انہوں نے 92 رنز کی اننگز کھیلی۔

بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے اوپنرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، بابر حیات 18 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کرسٹوفر کارٹر کی اننگز صرف 3 رنز تک محدود رہی، کنچت شاہ بھی 17 رنز ہی بناسکے اور اعزاز خان کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ احسان خان نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے خلیل احمد اور یوزوندرا چاہل نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کلدیپ یادیو کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل ہانگ کانگ کی ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز شیکھر دھون اور روہت شرما نے کیا، بھارت کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب 45 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما صرف 23 رنز بناکر واپس پویلین لوٹ گئے۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد شیکھر دھون نے امباتی رائیڈو کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 116 رنز کی اہم ترین شراکت قائم کی تاہم رائیڈو 60 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد دنیش کارتک نے دھون کا ساتھ دیا مگر وہ بھی 35 رنز ہی بناسکے اور پھر سابق کپتان ایم ایس دھونی بیٹنگ کے لیے آئے مگر انہوں نے کھاتہ کھولنے کی زحمت نہ کی اور صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب اوپننگ بلے باز دھون نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی جس میں 2 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے، وہ 127 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کیدار جادیو 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے کنچٹ شاہ نے 3 اور احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلا تھا جس میں قومی ٹیم نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |