شام ميں روس کا فوجی طیارہ تباہ 15 اہلکار ہلاک

روس نے طیارے کو تباہ کرنے کا الزام اسرائیل پر عائد کردیا

روسی طیارہ بحيرہ روم کی ساحلی پٹی سے 35 کلوميٹر دور رڈار سے غائب ہو گيا تھا۔ فوٹو : فائل

شام میں روسی فوجی طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 15 اہلکارہلاک ہوگئے جب کہ روس نے طیارہ تباہ کرنے کا الزام اسرائیل پر عائد کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں روسی طیارہ بحيرہ روم کی ساحلی پٹی سے 35 کلوميٹر دور رڈار سے غائب ہو گيا تھا بعد ازاں طیارے کا ملبہ بحیرہ روم کے نزدیک مل گیا، طیارے میں سوار روسی فوج کے 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔


روس نے طیارے کو تباہ کرنے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے اس طرح پرواز کی جس سے روسی طیارہ شامی طیارے کی بمباری کی زد میں آگیا اس لیے روس اپنے 15 اہلکاروں کی ہلاکت کا بدلہ اسرائیل سے لے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے موقف اختیارکیا کہ روسی طیارہ شامی فوج کی بمباری سے تباہ ہوا ہے جس کی ذمہ داری اسرائیل پر ڈالنا احمقانہ عمل ہے۔ اسرائیل نے شام میں صرف اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اُس وقت شامی اور روسی فضائیہ اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہے تھے۔

واضح رہے کہ روسی طیارے کے تباہ ہونے کا واقعہ ادلب کے اُس علاقے میں پیش آیا جہاں روسی طیارے اور شامی طیارے بمباری کر رہے تھے۔ اسی علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے پرواز بھری اور اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس دوران روسی طیارہ غلطی سے شامی بمباری کی زد میں آگیا۔
Load Next Story