سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز بورڈ کی سربراہی سے ہٹادیا

ایک اشتہاری کی وجہ سے کیا یونیورسٹی کے معاملات برباد کریں گے؟، چیف جسٹس


ویب ڈیسک September 19, 2018
ایک اشتہاری کی وجہ سے کیا یونیورسٹی کے معاملات برباد کریں گے؟، چیف جسٹس فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اور اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کو یونیورسٹی بورڈ کی سربراہی سے ہٹادیا۔

سپریم کورٹ میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور کے بورڈ آف گورنرز کی غیر فعالیت کے معاملے کی درخواست ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو بورڈ کی چیئرمین شپ سے ہٹاتے ہوئے تین روز میں نئے بورڈ چیئرمین کے انتخاب کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار تو اب آ نہیں رہے، قواعد و ضوابط کے مطابق سال میں دو مرتبہ بورڈ کی میٹنگز ہونی چاہئیں، 21 نومبر 2016 کے بعد سے اب تک بورڈ کی میٹنگ نہیں ہوئی، سارا کام اسحاق ڈار کی وجہ سے رکا ہوا ہے، ایک اشتہاری کی وجہ سے کیا یونیورسٹی کے معاملات برباد کریں گے؟۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اور وزارت خارجہ کو اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے ہدایات دے چکے ہیں، اسحاق ڈار نیب کے مقدمے میں مفرور ہیں اور ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ ہوچکا ہے، ان تمام حالات میں اسحاق ڈار کو بورڈ آف گورنرز کی چیئرمین شپ سے ہٹا رہے ہیں، ایک مفرور اشتہاری اب تک کیوں بورڈ کا چیئرمین لگا رکھا ہے۔

سپریم کورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ سے متعلق ازخود نوٹس نمٹادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔