بھارت نےہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے میچ کی اہمیت ازخود ختم کردی

پاکستان کے روایتی حریف کے سوا دیگر مقابلے ابوظہبی میں ہوں گے

پاکستان کے روایتی حریف کے سوا دیگر مقابلے ابوظہبی میں ہوں گے۔ فوٹو : فائل

بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے میچ کی اہمیت ازخود ختم کر دی ہے تاہم آج جو بھی جیتا کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپرفور میں پہنچ چکی ہیں، نمبر ون سائیڈ جو بھی ہو، بطور میزبان بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی، پاکستان کے روایتی حریف کے سوا دیگر مقابلے ابوظہبی میں ہوں گے، اس سے قبل جو فارمیٹ طے کیا گیا تھا اس کے تحت جو ٹیم گروپ میچز کے بعد نمبر ون ہوتی اسے دبئی میں ہی کھیلنے کا موقع ملتا۔

پاکستانی چیئرمین احسان مانی کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل مکمل طور پر بھارتی کنٹرول میں ہے، بی سی سی آئی نے بطور ایشیا کپ میزبان اپنے مقابلے ابوظہبی میں کرانے سے گریز کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا


واضح رہے کہ ایونٹ میں شریک ٹیمیں ابوظہبی میں میچز کے باوجود دبئی میں ہی قیام کریں گی، ڈیڑھ گھنٹے میں اسٹیڈیم پہنچنے اور پھر رات گئے واپس آنے سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار بھی ہو جاتے ہیں، کپتان سرفراز احمد نے بھی دبے لفظوں میں اے سی سی کی ناانصافی پر احتجاج کیا تھا مگر کوئی فائدہ نہ ہوا، حیران کن طور پر تاحال پی سی بی بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

شیڈول کے تحت سپر فور کا پہلا میچ 21 ستمبر کو بھارت و بنگلا دیش کے درمیان دبئی میں ہوگا، اسی روز ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم افغانستان کے مقابل آئے گی،23 تاریخ کو پاک بھارت ٹکراؤ دبئی جب کہ افغانستان اور بنگلا دیش کا مقابلہ ابوظہبی میں شیڈول ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارت کے سوا تمام میچز ایک وینیو پر رکھے جانے پر سرفراز کو تشویش

25 ستمبر کو بھارتی ٹیم افغانستان سے دبئی میں میچ کھیلے گی جب کہ اگلے روز ابوظہبی میں گرین شرٹس کا بنگلا دیش سے سامنا ہوگا۔ سپر فور کی ابتدائی دو ٹیمیں 28 ستمبر کو دبئی میں فیصلہ کن معرکے کے دوران ایکشن میں ہوں گی۔
Load Next Story