وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور پاکستانی سفیرہشام بن صدیق موجود تھے۔ اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور اورمسلم امہ کو درپیش چیلنجزپرگفتگو کی گئی۔
اوورسیز پاکستانیوں میں بڑی صلاحیت ہے، وزیر اعظم
دریں اثنا جدہ کے شاہ فیصل محل میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اوورسیز وزارت اس انداز میں تشکیل دی جائے گی کہ یہ صحیح معنوں میں پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی خدمت کرسکے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے، اوورسیز پاکستانیوں میں بڑی صلاحیت ہے اور ھم ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ حاصل کریں گے۔