لکی سیمنٹ کافی شیئر6 روپے ڈیویڈنڈدینے کااعلان

کمپنی کی مقامی سیمنٹ سیلز میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

منافع70.82 فیصداضافے سے 6.78 ارب،فی شیئرآمدنی بڑھ کر20.97 روپے ہوگئی، فوٹو فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں لسٹڈکمپنی لکی سیمنٹ لمیٹڈ نے 30جون 2012 کو ختم ہونیوالے مالی سال میں6.78ارب کے بعد ازٹیکس منافع کا اعلان کیا ہے جوکہ پچھلے مالی سال کے 3.97ارب روپے کے منافع سے70.82 فیصد زیادہ ہے،حالیہ مالیاتی نتائج لکی سیمنٹ کی تاریخ کے بہترین مالیاتی نتائج ہیں،کمپنی نے حصص یافتگان کیلیے 6روپے فی شیئر ڈیویڈنڈدینے کابھی اعلان کیا ہے،فی شیئر آمدنی پچھلے مالی سال کے 12.28روپے کے مقابلے میں 20.97روپے رہی،لکی سیمنٹ کے مجموعی منافع میں 46.03فیصد اضافہ ہوا،لکی سیمنٹ کا سیلز ریونیو28.08 فیصد اضافے کے ساتھ پچھلے مالی سال کے 26ارب سے بڑھ کر 33.323ارب روپے رہا۔

کمپنی کی مقامی سیمنٹ سیلز میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جو پچھلے مالی سال کے 3.46 ملین ٹن کے مقابلے میں بڑھ کر 3.72ملین ٹن رہی جبکہ کمپنی کی برآمدات 4فیصد کمی کے ساتھ پچھلے سال کے 2.35ملین ٹن کے مقابلے میں 2.25ملین ٹن رہیں،کمپنی نے اپنی سیلز کے دائرہ کار کو ملک میں وسیع کیا ہے جس سے کمپنی کے منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہواہے،کمپنی کی فنانسنگ کوسٹ پچھلے مالی سال کے 517.79ملین روپے کے مقابلے میں موجودہ مالی سال میں253.23 ملین روپے رہی۔


کمپنی نے اخراجات میں کمی اور پیداواری استعداد بڑھانے کیلیے کیپیٹل اخراجات کے ذریعے متبادل توانائی کے منصوبے آرڈی ایف کی تنصیب کی ہے جس سے کوئلے پر انحصار 20فیصد تک کم ہواہے اورکمپنی نے کراچی پلانٹ پر ایک یورپی پیکیجنگ پلانٹ قائم کیا ہے،موجودہ مالی سال میں حیسکو کو بجلی کی فراہمی یکم جولائی سے شروع کردی گئی ہے جس کیلیے نئے گرڈ اسٹیشن اور 22کلومیٹر کی ٹرانسمیشن لائنزبچھائی گئی ہیں،کمپنی نے کانگو میں سیمنٹ پلانٹ اور عراق میں گرائنڈنگ سہولت کے قیام پر بھی مثبت پیشرفت کی ہے،کمپنی نے موجودہ مالی سال میں 4ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے یونس برادرگروپ کی کمپنی یونس انرجی کے ونڈ انرجی پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی۔

لکی سیمنٹ نے گروپ کے کنسورشیم کے ساتھ مل کر آئی سی آئی پاکستان کے 75.81فیصد حصص بھی 152.50ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے حاصل کرلیے ہیں،اس طرح آئی سی آئی کے چار اہم کاروباری شعبے سوڈایش،پولیسٹر فائبر،لائف سائنسز اور کیمیکل لکی سیمنٹ نے حاصل کرلیے ہیں۔
Load Next Story