صیہونی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری 6 فلسطینی شہید

خان یونس کے مشرقی قصبے 18 سالہ ناجی جمیل ابو عاصی اوراس کے کزن 21 سالہ علا زیاد ابو عاصی کو بمباری کرکے شہید کیا گیا۔


News Agencies September 20, 2018
اسرائیلی فورسز نے سمندری ناکا بندی توڑنے کی کوشش کرنیوالے فلسطینیوں کو بربریت نشانہ بنایا،مرکز اطلاعات فلسطین۔ فوٹو:فائل

قابض صیہونی فوج نے فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 6 فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ شہید کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق 2فلسطینی کو غزہ کی پٹی میں جنگی طیاروں کے ذریعے بمباری کرکے شہید کیا گیا۔ ایک فلسطینی نوجوان کو رام اللہ سے حراست میں لینے کے بعد وحشیانہ تشدد کرکے شہید کردیا گیا۔ 2فلسطینیوں کو شمالی غزہ میں ایک ریلی کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا گیا جبکہ ایک فلسطینی نوجوان کو قابض فوج نے بیت المقدس میں گولیاں مار کر شہید کیا۔

گزشتہ روز جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرقی قصبے میں قابض فوج نے گولیاں مار کر 2فلسطینیوں کو شہید کیا۔ہلال احمر تنظیم کے کارکنوں نے القرارہ کے مقام سے 2 فلسطینی شہدا کے جسد خاکی اسپتال منتقل کیے ،انھیں بمباری کرکے شہید کیا گیا تھا۔

بمباری کے نتیجے میں دونوں شہیدوں کے جسد خاکی ناقابل شناخت ہوگئے۔ ان کی شناخت کیلیے انھیں 15 گھنٹے تک سرد خانوں میں رکھا گیا۔بعد ازاں دونوں کی شناخت 18 سالہ ناجی جمیل ابو عاصی اور اس کے کزن 21 سالہ علا زیاد ابو عاصی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دونوں مشرقی خان یونس کے علاقے بنی سہیلا کے رہائشی تھے۔

بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان محمد یوسف شعبان علیان کو چاقو حملے کی کوشش کے الزام میں گولیاں مار کر شہید کردیا ادھر فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر فلسطینیوں کی جانب سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملہ کے نتیجے میں 100کے قریب فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی دوسری طرف اسرائیلی فوج نے یہودیوں کے مذہبی تہوار یوم کپور کی آڑ میں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کی سرحد سیل کرتے ہوئے شہروں میں فوج کی نفری بڑھادی۔

دریں اثناء اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی امورجیمی میک گولڈریک نے ایک پریس بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں کی زندگی بچانے کیلیے 20 لاکھ ڈالر کی رقم صرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 250 اہم منصوبوں جن میں بجلی، گیس، صحت، تعلیم، پانی، سیوریج اور دیگر منصوبوں کیلیے 20 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔