پہلی جماعت کا نصاب تبدیل جنرل نالج کا مضمون متعارف

نجی اسکولوں کیلیے نئے مضمون کی کتابیں مارکیٹ میں فراہم کردی گئیں، نصاب میں تبدیلی پرویزمشرف دور میں کی گئی تھی

2ماہ قبل شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال 2013 کیلیے پہلی جماعت کی درسی کتابیں ایک اضافی مضمون کے ساتھ سرکاری اسکولوں کوبھجوادی گئی ہیں. فوٹو: فائل

COLOMBO:
محکمہ تعلیم نے پرویز مشرف حکومت کے دورمیں تبدیلی کے بعد بنائے گئے نصاب کے مطابق سندھ بھرمیں پہلی جماعت کانصاب تبدیل کردیا ۔

2ماہ قبل شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال 2013 کیلیے پہلی جماعت کی درسی کتابیں ایک اضافی مضمون کے ساتھ سرکاری اسکولوں کوبھجوادی گئی ہیں جبکہ نجی اسکولوں کے لیے مارکیٹ میں بھی فراہم کردی گئی ہیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے سابق صدرپرویزمشرف کے دورمیں 2005/06میں تبدیل کیے گئے نصاب کے تحت پہلی جماعت کے نئے کریکیولم میں بچوں کیلیے ''جنرل نالج''کے مضمون کا اضافہ کردیا، اس سے قبل جنرل نالج کامضمون اس سطح پرنہیں پڑھایا جاتاتھا۔




جنرل نالج کے متعارف کرائے گئے مضمون کے بعدپہلی جماعت میں پڑھائے جانے والے مضامین کی تعداد 4 ہوگئی،اس سے قبل اردو (اردو قاعدہ؍ درسی کتب)، ریاضی اورانگریزی کے مضامین پہلی جماعت کے نصاب میں شامل تھے تاہم ان تینوں مضامین کی درسی کتب کوبھی یکسرتبدیل کردیا گیا اورنئے ایڈیشن میں آنے والی تینوں مضامین کی درسی کتب بھی سابق صدر پرویز مشرف کے دورمیں منظورکیے جانے والے نصاب کے مطابق شائع کی گئی ہیں، واضح رہے کہ 2سال سے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت پہلی اور دوسری جماعتوں کی درسی کتب ایک ہی جلد ''جیکٹ''میں شائع کی جارہی ہیں اوراس بارپہلی جماعت کی درسی کتب کی جیکٹ میں جنرل نالج کے اضافے کے ساتھ4مضامین کی 5 درسی کتابوں کو شائع کیاگیاہے۔

جنرل نالج کی 2006 کے نصاب کے مطابق چھاپی گئی کتاب میں 9یونٹ ہیں اورہریونٹ میں کئی ابواب موجود ہیں، یاد رہے کہ سابق حکومت کے دورمیں 18ویں ترمیم کے بعد نصاب میں تبدیلی کا اختیار صوبوں کومل چکا ہے تاہم سابق صوبائی وزیرتعلیم یاان کے زیرسرپرستی کام کرنے والے بیوروآف کریکیولم نے پہلی جماعت کے نصاب میں تبدیلی پرویز مشرف دورمیں نصاب میں تبدیلی کے حوالے سے دی گئی''گائیڈ لائن '''کے مطابق کی ہے جبکہ مزیدکلاسز کے نصاب میں تبدیلی بھی ان ہی گائیڈ لائن کے مطابق کی جارہی ہے۔
Load Next Story