نوید عالم کا پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار

عبرت ناک شکستوں اور پی ایچ ایف میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں کی انکوائری کی جائے، نوید عالم

عبرت ناک شکستوں اور پی ایچ ایف میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں کی انکوائری کی جائے، نوید عالم (فوٹو : فائل)

نوید عالم نے پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا اور کہا ہے کہ فیڈریشن ملازمین پر مشتمل کمیٹی سے انصاف کی توقع نہیں۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق نوید عالم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ظاہر شاہ کی سربراہی میں بننے والی انکوائری کمیٹی پر ہی سوالات اٹھا دیئے۔ صدارتی ایوارڈ یافتہ سابق اولمپئن کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں شامل ایک ممبر کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر صدر فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا حقیقی بھائی ہے جبکہ 2 ارکان میجر ارشد خان اور آفس سیکریٹری راجہ غضنفر علی فیڈریشن کے باقاعدہ ملازم ہیں، ان افراد کے ہوتے ہوئے انصاف کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟

"ایکسپریس نیوز" سے خصوصی بات چیت میں نوید عالم کا کہنا تھا کہ میں تو گزشتہ کئی ہفتوں سے یہی درخواست کر رہا ہوں کہ قومی ٹیم کی ایشین گیمز سمیت عالمی ایونٹس میں عبرت ناک شکستوں اور پی ایچ ایف میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں کی ضرور انکوائری کی جانی چاہیے اور جو بھی قصور وار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


نوید عالم نے تجویز دی کہ پی ایچ ایف کی انکوائری کمیٹی میں وزیر اعظم ہاﺅس، وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور، پاکستان اسپورٹس بورڈ، پنجاب اسپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دو سابق اولمپئنز پر مشتمل کمیٹی قائم کی جانی چاہیے جو معاملات کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے کر ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

یاد رہے کہ پی ایچ ایف نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم کی میڈیا میں پی ایچ ایف پالیسی مخالف بیانات سے متعلق کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر کانگریس ممبر پی ایچ ایف سید ظاہر شاہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی۔

انکوائری کمیٹی میں چیئرمین سید ظاہر شاہ کے علاوہ سیکریٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر، ایم ڈی کوآرڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر (ر) جاوید ارشد خان اور آفس سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن راجہ غضنفر علی شامل ہیں۔ کمیٹی نے نوید عالم کو 25 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔
Load Next Story