سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کو ایک اور اعزاز مل گیا

امریکی ریاست کنٹکی میں اسکواش لیجنڈ کے اعزاز میں تقریب، ایوارڈ سے نوازا گیا


Sports Reporter September 21, 2018
امریکی ریاست کنٹکی میں اسکواش لیجنڈ کے اعزاز میں تقریب، ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فوٹو: فائل

دنیائے اسکواش کے عظیم ترین کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کو ایک اور اعزاز مل گیا۔

امریکہ کے دورے میں سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان کو ایک اعزاز سے نوازا گیا، امریکی ریاست کنٹکی کے سب سے بڑے شہر لوس ویلی میں جہانگیر خان کے اعزاز میں ایک غیر رسمی تقریب منعقد ہوئی جس میں عمائدین شہر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شہر کے میئر گریگ فیسچر نے جہانگیر خان کی اسکواش میں خدمات کو سراہا اور اس کھیل میں عظیم تر کارنامے انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور اہلیان شہر کی جانب سے ان کو ایوارڈ دیا، میئر نے کہاکہ جہانگیر خان کھیلوں کی دنیا میں اہم مقام کے حامل ہیں، ان جیسے کھلاڑی صدیوں ہی میں پیدا ہوتے ہیں، میئر نے مزید کہا کہ جہانگیر خان کا ہمیشہ پرتپاک انداز میں خیر مقدم کیا جائے گا۔

جہانگیر خان نے ایوارڈ سے نوازنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ملنا ان کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے لیے باعث عزت ہے، دریں اثنا جہانگیر خان نے امریکی ریاست کے دورے کے دوران اپنے دیرینہ دوست لیجنڈ باکسر محمد علی کی اہلیہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے ہمراہ محمد علی کی قبر پرحاضری دیتے ہوئے فاتحانہ خوانی بھی کی۔

واضح رہے کہ جہانگیر خان کو 6 مرتبہ ورلڈ اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، انھوں نے 10مرتبہ برٹش اوپن ٹائٹل بھی اپنے نام کیا جبکہ جہانگیر خان نے 5 برس تک ناقابل تسخیر رہتے ہوئے مسلسل 555 میچز جیتنے کا بھی منفرد ریکارڈ قائم کیا تھا، امریکہ میں مستقل رہائش کی سہولت رکھنے والے جہانگیر خان کو امریکی حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ شہریت کی پیش کش کی گئی تاہم انھوں نے اسے شکریہ کے ساتھ قبول کرنے سے معذرت کرلی۔

ماضی میں جہانگیر خان کے والد اور سابق برٹش اوپن چیمپئن روشن خان مرحوم کو بھی امریکی شہریت دینے کی پیش کش کی گئی تھی تاہم روشن خان نے پاکستان ہی میں رہنے کو ترجیح دی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں