پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 70 ہزار یورو ادھار دینے والے کا سراغ مل گیا

ہالینڈ میں مقیم قومی ٹیم کے سابق لائزن آفیسر سید طاہر اقرار شاہ نے رقم کا بندوبست کیا تھا


Muhammad Yousuf Anjum September 21, 2018
پی ایچ ایف کو چیمپئنز ٹرافی کے لئے رقم کی ضرورت تھی، طاہر شاہ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی طرف سے یورپ میں 70 ہزار یورو لینے کے تنازع کا ڈراپ سین ہوگیا اور ایکسپریس نے اس شخص کی کھوج لگالی جس نے پی ایچ ایف کو ادھار دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہاکی فیڈریشن کی طرف سے یورپین کمیونٹی کی طرف سے 70 ہزار یورو لینے کے انکشاف نے ہلچل مچا رکھی ہے اور کچھ سابق اولمپئنز اس ایشو پر بیان بازی کرکے فیڈریشن پر تنقید کررہے ہیں۔

ایکسپریس نے کھوج لگا کر ہالینڈ میں مقیم ہاکی آرگنائزر اور قومی ٹیم کے سابق لائزن آفیسر سید طاہر اقرار شاہ تک رسائی پائی ہے، جس نے قومی ٹیم کے لیے ان پیسوں کا بندوبست کیا تھا۔

طاہر شاہ نے خدا کو حاضر ناظر جان کر بیان دیا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے اخراجات کے لئے رقم کی فوری ضرورت تھی، جس پر انہوں نے ستر ہزار جمع کرکے پی ایچ ایف کی ملکی مفاد میں مدد کی تھی۔ یورپ میں مقیم تمام پاکستانی ہاکی سے پیار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک کا نام اور پرچم ہمیشہ سر بلند رہے۔ چند دنوں بعد پی ایچ ایف نے 70 ہزار یورو مجھے بجھوادئیے تھے۔ اب ہاکی فیڈریشن کی طرف کوئی رقم باقی نہیں۔ ان پیسوں کو ایشو بناکر قومی کھیل کو بدنام کیا جارہا ہے۔

طاہر شاہ نے کہا کہ اولمپئنز کے اندرونی اختلافات میں پاکستان ہاکی کا نقصان اور ملک کی بدنامی ہورہی ہے۔ سب کو مل بیٹھ کر پاکستان ہاکی کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز کی رہنمائی میں قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔ ورلڈکپ سر پر آن پہنچا ہے۔ انہیں اور ٹیم کو بھرپور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں