کراچیفائرنگ کے واقعات میں 4 ہلاکایک لاش ملی

شہر میں فائرنگ کے دیگر واقعات کے دوران9افرادزخمی ہوگئے، ایک بھی ملزم گرفتارنہ ہوسکا


Staff Reporter August 16, 2012
شہر میں فائرنگ کے دیگر واقعات کے دوران9افرادزخمی ہوگئے، ایک بھی ملزم گرفتارنہ ہوسکا۔ فوٹو: فائل

BANGKOK: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران4افرادہلاک اور9زخمی ہو گئے جبکہ کورنگی جام صادق پل کے نیچے سے ایک شخص کی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے ملیرہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹیکسی نمبرPL-4603 کاڈرائیورنعمت اﷲ وہلاک ہوگیا،مقتول سہراب گوٹھ جنت گل ٹاؤن کارہائشی تھا،مقتول حیدر آباد پٹھان کالونی اسٹاپ سے ایک مرد اور خاتون کراچی لا رہاتھا۔

گلزار ہجری اسکیم33 گلشن کنیزفاطمہ سوسائٹی فیز II مکان نمبر B/20 کے رہائشی سمیع الدین کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے باہرفائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرارہوگئے،پولیس کے مطابق سمیع الدین سحری کے وقت گھر کے باہر کھڑا تھاکہ 3 نامعلوم ملزمان اسے یرغمال بناکر ڈکیتی کی نیت سے گھر میں گھسنے کی کوشش کی اورمزاحمت پرفائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔

کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے قیوم آبادجام صادق پل کے نیچے سے40سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی پولیس نے لاش تحویل میں لے کراسپتال پہنچادی،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔رضویہ سوسائٹی کے علاقے گلبہارمیں سماجی شیعہ رہنما ساجد حسین کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد گلبہار میں واقع غوثیہ مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا26 سالہ کامران نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑدیا۔کامران کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پرعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی اورمشتعل افرادنے دکانیں وکاروباربندکرادیا،مقتول کامران4سوکوارٹرزگلبہارپھول والی گلی کا رہائشی تھا۔کورنگی سو کوارٹرز کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ ریاض زخمی ہو گیا۔

لانڈھی ریڑھی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے20 سالہ نورالہی زخمی ہو گیا۔زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر 4 میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرریاض جنرل اسٹور کے مالک 30 سالہ ریحان علی کوزخمی کردیاجبکہ پاک کالونی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے35 سالہ حماداﷲ زخمی ہوگیا، شارع نورجہاں تھانے کی حدودسخی حسن قبرستان کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ عنایت زخمی ہو گیا۔فائرنگ کے واقعات میں ملوث کسی ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔

دریں اثنا پیر آباد کے علاقے بنارس میٹرو سینما کے قریب فائرنگ سے 27 سالہ وارث ولد عبدالرشید سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ، ایس ایچ او پیر آباد اشفاق بلوچ نے بتایا کہ مقتول کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ایک ملزم نے قریب آکر اس پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا ، مقتول اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4 کا رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق ہزارہ سے تھا ، مقتول کی اورنگی ٹاؤن ایک نمبر میں الیکٹرانکس کی دکان تھی جبکہ واقعہ زاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ، سولجر بازار کے علاقے گارڈن ویسٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ امجد بلوچ سینے پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے ، مقتول کو سینے پر 3 سے 4 گولیاں لگی تھیں۔

پیپلز یوتھ ونگ کے صدر رؤف ناگوری نے بتایا کہ امجد بلوچ ان کا سرگرم کارکن اور سولجر بازار کے علاقے تھارو لین کا رہائشی ہے جبکہ امجد بلوچ نے چند روز قبل علاقے میں ایک فٹ بال کا ٹورنامنٹ بھی کرایا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ، عہدیداروں اور کارکنان سمیت اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی ، واقعہ کے بعد سولجر بازار تھارو لین ، گارڈن ویسٹ اور نشتر روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل گیا تاہم پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرلیا ۔

گلستان جوہر کے علاقے بلاک 13 رابعہ سٹی کے قریب 3 ملزمان لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ہیڈ کانسٹیبل بشیر خان کو زخمی کر دیا تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ اور تبادلے کے بعد ایک ملزم ثاقب کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ 2 ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ، زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے قریب ہی واقع نجی اسپتال لیجایا گیا ، ملیر کے علاقے کھوکھرا پار لاسی گوٹھ کچی آبادی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی پیٹ میں لگنے سے 26 سالہ رقیہ بی بی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ، سہراب گوٹھ کے علاقے اسکیم 33 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نعمان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں