وسطی یورپ میں شدید طوفان اور تیزبارشوں سے 6 افراد ہلاک ہزاروں محفوظ مقامات پرمنتقل

سیلاب اور طوفانی بارشوں سے جرمنی اور آسٹریا کے کچھ علاقے بھی متاثر ہوئے جہاں ایک شخص ہلاک جب کہ 2 افراد لا پتہ ہیں۔


AFP June 03, 2013
سیلاب سے جمہوریہ چیک بری طرح متاثر ہوا جہاں حکومت نے ایمرجنسی نافذ کر کے 2 ہزار فوجیوں کو امدادی کارروائیوں کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ فوٹو: رائٹرز

وسطی یورپ میں شدید طوفان اور تیز بارشوں سے 6 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں شہری اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے پر مجبورہوگئے۔

سیلاب سے وسطی یورپ کا ملک جمہوریہ چیک بری طرح متاثر ہوا جہاں حکومت نے ایمرجنسی نافذ کر کے 2 ہزار فوجیوں کو امدادی کارروائیوں کی ذمہ داری سونپ دی ہے، اب تک 6 ہزار افراد کو نشیبی علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جمہوریہ چیک پولیس کے ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ابھی تک 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 4 لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

سیلاب اور طوفانی بارشوں سے جرمنی اور آسٹریا کے کچھ علاقے بھی متاثر ہوئے جہاں ایک شخص ہلاک جب کہ 2 افراد لا پتہ ہیں، سیلابی پانی سے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سیکڑوں افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے، سیلاب سے جمہوریہ چیک، آسٹریا اور جرمنی میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا جس سے متعدد گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔