وارم اپ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے 203 رنز کا ہدف 45.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔

محمد حفیظ نے 54 اور عمران فرحت نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی چیمپیئز ٹرافی سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

لندن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو 100 رنز سے قبل ہی اس کے 7 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے تاہم جے پی ڈومینی اور مکلارین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا، جے پی ڈومینی نے 43 اور مکلارین نے 55 رنز بنا ئے یوں جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں اے این پیٹرسن 16، انگرام 7، اے بی ڈیویلیرز 15، ڈوپلیسی 7، ملر 26 اور فرحان بحردین ایک رن بناسکے۔


پاکستان کی جانب سے اسد علی اور وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جنید خان 2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان نے 203 رنز کا ہدف 45.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔ پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے اپنی پہلی وکٹ ناصر جمشید کی صورت میں گنوانی پڑی، انہوں نے 13 رنز بنائے۔ ناصر جمشید کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور عمران فرحت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پھر 120 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ چوٹ لگ جانے کے باعث 54 کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔ عمران فرحت 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق نے 17، عمر امین نے 27 اور کپتان مصباح الحق نے 24 رنز اسکور کئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹسوبے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
Load Next Story