ڈرون حملے روکنا نواز شریف کی ذمہ داری ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک

نوازشریف کمزورلیڈر نہیں انہیں جان کیری کے ڈرون حملوں کی حمایت میں دیئے جانےوالے بیان کا جواب دینا چاہئے، پرویز خٹک


ویب ڈیسک June 03, 2013
نوازشریف کمزورلیڈر نہیں انہیں جان کیری کے ڈرون حملوں کی حمایت میں دیئے جانےوالے بیان کا جواب دینا چاہئے، پرویز خٹک فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک میں امریکا کی جانب سے کئے جانے والے ڈرون حملے روکنا نواز شریف کی ذمہ داری ہے جسے انہیں ہر صورت میں پورا کرنا چاہئے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' میں اپنا پہلا خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد مجھ پر بہت زیادہ دباؤ ہے، ہم نے صوبے میں امن قائم کرنے کے چیلنج کو قبول کیا اور تحریک انصاف سے نوجوانوں کی بہت امیدیں وابستہ ہیں جنہیں ہم پورا کریں اور لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا امن تباہ کرنے کی سب سے بڑی وجہ ڈرون حملے ہیں لیکن ہم ڈرون پر جامع پالیسی لائیں گے اور امید ہے کہ امریکا کو ڈرون حملے روکنے پر مجبور کردیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے، نواز شریف ڈرون حملے رکوانے کی اپنی ذمہ داری پوری کریں اور دہشت گردی کے خلاف متفقہ پالیسی بنائیں، ہم ان سے مکمل تعاون کریں گے۔ جان کیری کے ڈرون حملوں کے دفاع میں حالیہ بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کمزور لیڈر نہیں ہیں اورانہیں جان کیری کے بیان کا بھرپور جواب دینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لئے پولیس کو مکمل آزادی دی جائے گی، ان سے بھرپور کام لیا جائے گا لیکن پھر ہم سیاسی مداخلت بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی کے حوالے سے پارٹی پالیسی آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ امن کے بعد صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جو ہمارے دور حکومت میں کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کے حوالے سے تمام محکموں کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں، عمران خان نے 90 دنوں میں کرپشن ختم کرنے کی بات کی تھی لیکن میں 30 دنوں میں کرپشن ختم کردوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے نظام کو ٹھیک کرنا ہوگا جس کے بعد کرپشن ختم ہوگی، ہم کوئی کام جذبات میں آکر نہیں کریں گے بلکہ ہر قدم اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اٹھایا جائے گا۔

صوبے میں تعلیم کے حوالے سے پرویز خٹک نے کہا کہ تعلیم پر صوبے کے ہر بچے کا برابر حق ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ صوبے کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کے لئے خود بجلی بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔