ٹیپ ڈانس سیکھنا چاہتی ہوں

چیلنجنگ رول ملتے رہے تو اداکاری کرتی رہوں گی


Muhammad Imran June 03, 2013
بولی وڈ کی ملکۂ رقص اور ’’ جھلک دکھلاجا ‘‘ کی جج مادھوری ڈکشٹ کی باتیں ۔ فوٹو : فائل

وقت کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں، نئے رجحانات متعارف ہوئے ہیں۔

ان ہی میں سے ایک رجحان شوبز ورلڈ میں ماضی کی سپراسٹارز کی واپسی ہے۔ گذشتہ چند برسوں میں ہندی فلموں کے ناظرین نے اپنی کئی پسندیدہ اداکاراؤں کو سلوراسکرین پر دیکھا جو فلم انڈسٹری میں بھرپور دور گزارنے کے بعد اس نگر سے ناتا توڑ چکی تھیں۔ ان سپراسٹارز میں سے کئی ایک بڑے پردے کے ساتھ ساتھ چھوٹے پردے پر بھی مختلف حیثیتوں میں مصروف ہیں۔ ماضی کی سپراسٹار اور بولی وڈ کی ڈانسنگ کوئین مادھوری ڈکشٹ کا شمار بھی ان ہی ادکاراؤں میں ہوتا ہے۔ مادھوری کم و بیش دو عشرے تک بولی وڈ پر راج کرتی رہی تھیں۔

ان کے دورِ عروج میں کوئی اداکارہ ان کی ہم عصری نہیں کرسکتی تھی۔ بالخصوص رقص میں تو ان کا ثانی نہیں تھا اور فلمی مبصرین کا کہنا ہے کہ آج بھی مادھوری سے اچھی رقاصہ بولی وڈ میں موجود نہیں۔ 1999ء میں شادی کے بعد مادھوری امریکا چلی گئی تھیں۔ انھوں نے فلم انڈسٹری سے قطع تعلق کرلیا تھا۔2007ء میں فلم '' آجا نچ لے'' سے بولی وڈ میں ان کی واپسی ہوئی۔

اس فلم میں مادھوری نے فن رقص میں اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ کیریئر کے اس دوسرے دور میں مادھوری کو ماضی جیسی مقبولیت تو نہیں مل سکی البتہ فلم نگر میں ان کی واپسی ضرور ہوگئی۔ مادھوری فلم انڈسٹری کے علاوہ چھوٹی اسکرین پر بھی مصروف ہیں۔ ناظرین انھیں مقبول ڈانس ریئلٹی شو '' جھلک دکھلا جا'' میں جج کے فرائض انجام دیتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ ٹی وی چینل '' کلر ٹی وی'' کے اس شو کا نیا سیزن یکم جون سے شروع ہوا ہے۔ ڈانسنگ کوئین سے بڑے اور چھوٹے پردے پر مصروفیات کے حوالے سے کی گئی بات چیت قارئین کی نذر ہے۔

٭ ''جھلک دکھلا جا'' کی ابتدائی قسط میں آپ نے رنبیر کپور کے ساتھ فلم '' یہ جوانی ہے دیوانی'' کے گیت ''گھاگرا'' پر رقص کیا تھا۔ اس کے ساتھ فلم میں اور ٹی وی پر کام کرنا کیسا لگا؟
رنبیر باصلاحیت اداکار اور اچھا ڈانسر ہے۔ مجھے اس کے ساتھ رقص کرنے میں بہت مزہ آیا۔



٭آپ نے آنے والی فلم '' گلاب گینگ'' کے لیے اپنی والدہ کے ساتھ ایک گیت بھی ریکارڈ کروایا ہے۔ یہ کیسے ممکن ہوا؟
دراصل ڈائریکٹر کو ایک خاص سین کے لیے آواز درکار تھی۔ یہ کوئی باقاعدہ گیت نہیں تھا۔ بس دو سازوں کی لَے پر مجھے گیت گاتے ہوئے دکھایا جانا تھا۔ وہ اسے حقیقت سے قریب تر رکھنا چاہتے تھے اس لیے انھوں نے مجھ سے کہا کہ وہ میری آواز میں یہ گیت ریکارڈ کرنا چاہیں گے اور انھیں ایک اور آواز بھی درکار ہوگی۔ اس لمحے میرے ذہن میں امی کا خیال آیا اور میں نے ان سے ہامی بھرلی کہ میں اپنی والدہ کو بھی یہ گیت گانے کے لیے راضی کرلوں گی۔

٭ آپ نے انھیں کیسے راضی کیا؟َ
دراصل میں نے چالاکی سے ان سے یہ کروایا تھا ( مسکراہٹ )۔ میں نے ان سے بس یہ کہا تھا کہ مجھے گیت ریکارڈ کروانا ہے اور وہ میرے ساتھ چلیں۔ وہ موسیقی سے دل چسپی رکھتی ہیں۔ وہ بہت باصلاحیت ہیں، انھوں نے ہندوستانی کلاسیکل موسیقی میں باقاعدہ ماسٹرز کی ڈگری لے رکھی ہے۔ وہ اگرچہ رقص نہ سیکھ سکیں مگر انھوں نے مجھے یہ فن سکھا کر اپنی خواہش پوری کی۔ اسٹوڈیو پہنچ کر میں نے ان سے کہا کہ وہ ایک بول میرے لیے گنگنا دیں۔

٭جب بچوں نے آپ کو '' یہ جوانی ہے دیوانی''کے گیت پر رقص کرتے ہوئے دیکھا تو ان کا ردعمل کیا تھا؟
پہلی بار یہ گیت ٹی وی پر دیکھ کر وہ دوڑتے ہوئے میرے پاس آئے اور کہنے لگے،'' ممی، آپ ٹی وی پر آرہی ہیں''۔ وہ ابھی معصوم ہیں اور ہر بات کو نہیں سمجھتے، مگر اس بات پر خوش تھے کہ ان کی ماں ٹی وی پر آرہی ہے۔

٭آپ کو بولی وڈ کی ڈانسنگ کوئین کہا جاتا ہے، اور سبھی کا ماننا ہے کہ فلم انڈسٹری میں ابھی تک آپ کے پائے کی اداکارہ نہیں آئی جو رقص میں بھی آپ جیسی مہارت رکھتی ہو۔۔۔
( مسکراتے ہوئے) میں لوگوں کی مشکور ہوں کہ وہ ایسا سمجھتے ہیں۔

٭آپ بہت فٹ اور پُرکشش نظر آرہی ہیں۔ کیا کسی فلمی رول کے لیے آپ اپنی ' لُک 'پر محنت کررہی ہیں؟
میں نے خود کو صحت مند رکھنے کے لیے وزن میں کمی کی ہے۔ دوسری بات یہ کہ مجھے اسکرین پر نظر آنا ہے، اس لیے بھی خود کو سِلم رکھنا ضروری ہے کیوں کہ اسکرین پر ویسے ہی آپ کا وزن بڑھا ہوا نظر آتا ہے۔ تیسری بات یہ کہ میرا جس پیشے سے تعلق ہے اس میں خود کو فٹ رکھنے کی اہمیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

٭خود کو فٹ رکھنے کے لیے کیا کرتی ہیں؟
اس ضمن میں غذا کا انتخاب بہت اہم ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ صحت بخش غذائیں کھائی جائیں۔ روزانہ ایک گھنٹے تک ورزش اور رقص کی مشق کرتی ہوں۔ میں فاقہ کشی پر یقین نہیں رکھتی بلکہ متوازن غذا کا استعمال کرتی ہوں۔ ہر تین گھنٹے بعد، دن میں پانچ بار تھوڑی تھوڑی مقدار میں کھانا کھاتی ہوں۔

٭ '' جھلک دکھلا جا'' کے نئے سیزن میں کیا خاص بات ہے؟
ہم نے اس شو کو میری آن لائن ڈانس اکیڈمی '' ڈانس وِدھ مادھوری'' سے منسلک کردیا ہے۔ '' جھلک دکھلا جا'' کی ہر قسط میں رقص کے سات اسٹیپس سکھائے جائیں گے۔ آپ یہ اسٹیپس میری اکیڈمی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے بھی سیکھ سکتے ہیں۔ اس طرح یہ سیزن صرف سلیبریٹیز کے لیے نہیں بلکہ عام لوگوں کے لیے بھی ہے۔

٭رقص کی وہ کون سی قسم ہے جو آپ سیکھنا چاہتی ہیں؟
میں ٹیپ ڈانسنگ سیکھنا چاہتی ہوں۔ اسٹارڈسٹ ایوارڈز کی تقریب کے دوران میں نے رقص کی اس قسم کے چند عناصر کا مظاہرہ بھی کیا تھا، مگر جب میں Gene Kelly اور Fred Astaire کو دیکھتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ مجھے اس میں بھی مہارت حاصل کرنی چاہیے تھی۔

٭کوئی بین الاقوامی ریئلٹی شو جو آپ دیکھتی ہوں؟
مجھے '' امریکن آئیڈل'' پسند ہے۔ اس شو میں آنے والے گلوکاروں کی صلاحیتیں مجھے بہت متاثر کرتی ہیں۔

٭ اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بارے میں کچھ بتائیں گی؟
اپنے بینر تلے ہم نے ایک آن لائن ڈانس اکیڈمی قائم کی ہے۔ ان دنوں ہم اسے مزید جامع بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ ہم اس اکیڈمی میں رقص کی مختلف اقسام میں مہارت رکھنے والے کوریوگرافرز کو شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

٭ '' گلاب گینگ'' میں جوہی چاؤلہ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے کیا کہیں گی؟
وہ بہت اچھی اداکارہ ہے اور اس کے ساتھ میرے کئی زبردست سین ہیں۔ اس فلم میں مجھے اس کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا۔

٭اداکارانہ کیریئر کے اس حصے میں آپ کس طرح کی فلمیں کرنا چاہتی ہیں؟
مجھے '' گلاب گینگ'' اور '' ڈیڑھ عشقیہ'' میں اپنے کردار بے حد پسند آئے۔ آئندہ بھی اگر مجھے چیلنجنگ رول ملتے رہے تو اداکاری کرتی رہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں