صنعتکار محنت کشوں کی فلاح کیلیے تعاون کریں ای او بی آئی

ڈی جی آپریشنز ساؤتھ کاسائٹ ایسوسی ایشن سے خطاب، ورکشاپ کے انعقاد کی یقین دہانی


Business Reporter June 04, 2013
ارشد وہرہ نے ملازمین کی رجسٹریشن، کنٹری بیوشن ودیگر امور پر مسائل سے آگاہ کیا۔ فوٹو: فائل

ای او بی آئی کے ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز ) ساؤتھ سید اقبال حیدر زیدی نے کہا ہے کہ آجر برادری کو محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہیے تاکہ اپنے اور اہل خانہ کے محفوظ مستقبل سے مطمئن کارکن پیداواری عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔

وہ گزشتہ روز ایوان صنعت سائٹ کے دورے کے موقع پر ایوان کے عہدیداران سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی قومی سطح پر نجی صنعتی، کاروباری اور تجارتی اداروں کے ملازمین کو ان کے اداروں کے ذریعے رجسٹر کر کے ریٹائرمنٹ اور معذوری کی صورت میں معقول پنشن فراہم کرتا ہے، یہ ایک قسم کی خاندانی پنشن کا درجہ رکھتی ہے جو پنشنرز کی وفات کی صورت میں اس کی بیوہ اور بیوہ کی وفات کی صورت میں اس کے نابالغ بچوں کو خود بخود منتقل ہو جاتی ہے۔



اس وقت ملک بھر کے5.5 ملین ملازمین ای او بی اسکیم کے تحت رجسٹر کیے جا چکے ہیں جبکہ ضعیف العمری پنشن، پسماندگان پنشن اور معذوری پنشن وصول کر رہے ہیں، ادارے نے اپنے پنشنروں کو ہر ماہ پنشن کی ادائیگی کے لیے ملک بھر میں نیشنل بینک آف پاکستان کی شاخوں کے علاوہ موبائل بینکنگ اور ایزی پیسہ اور نادرا کے ساتھ ای سہولت کے ذریعے بھی پنشن کی فراہمی کے انتظامات کیے ہیں، ایک سہ فریقی ادارہ ہونے کے ناطے ای او بی آئی نے اپنے رجسٹر شدہ آجروں کی سہولت کے لیے آن لائن سسٹم بھی متعارف کرایا ہے جس کے نتیجے میں وقت اور سرمائے کی بچت ہو رہی ہے ۔

قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ارشد وہرہ نے ای او بی آئی میں ملازمین کی رجسٹریشن، کنٹری بیوشن کی ادائیگی، ڈیٹا پروسیسنگ کے حوالے سے آجر برادری کو درپیش مسائل پیش کیے اور اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن کارکنوں کی فلاح و بہبودکے منصوبوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (بی اینڈ سیI.) محمد سلیم، علاقائی دفتر ناظم آباد کے سربراہ ولایت بلوچ ، فیلڈ افسران کے علاوہ ایوان کے تمام عہدیداران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر آجروں کی آن لائن سسٹم پر رہنمائی اور تربیت کے لیے ایک ورکشاپ کے انعقاد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں