دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن کراچی کو پانی کی فراہمی معطل

3 پمپ بند، کے ای ایس سی نے پمپنگ اسٹیشن کی لائن سے فیکٹریوں اور پولٹری فارمز کو ناجائز کنکشن دے رکھے ہیں، رزاق مگسی


Nama Nigar June 04, 2013
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر دوسرے روز بھی بجلی کا بریک ڈاؤن جاری رہا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، 3 پمپ بند، کراچی کو پانی کی فراہمی معطل۔ واٹر بورڈ کے فیڈرز سے مبینہ طور پر دیگر اداروں کو کنکشن دینے کے سبب 2 روز سے لائن ٹرپ ہورہی ہے۔

واٹر بورڈ انتظامیہ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر دوسرے روز بھی بجلی کا بریک ڈاؤن جاری رہا۔ پیر کی شام 6 بجے ایک مرتبہ پھر فیز 2 اور فیز 4 سمیت K-3 کی بجلی بند ہوگئی جس کے باعث مذکورہ تینوں لائنوں سے کراچی شہر کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔



دھابے جی پمپنگ سے کراچی شہر کو پانی فراہم کرنے والی مذکورہ تینوں لائنوں سے ایک گھنٹے میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ گیلن پانی کی فراہمی کی کمی ہوتی ہے، واٹر بورڈ کے ریذیڈنٹ انجینئر رزاق مگسی نے بتایا کہ کے ای ایس سی نے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والے فیز سے مقامی فیکٹریوں اور زرعی زمینوں سمیت پولٹری فارموں کو بجلی کے ناجائز کنکشن دے رکھے ہیں۔

جس کے باعث 2 روز سے بجلی کے وولٹیج انتہائی کم ہوگئے ہیں اور مذکورہ لائنیں وقفے وقفے سے ٹرپ ہورہی ہیں اور بجلی کے بریک ڈاؤن کے سبب جہاں کراچی شہر کو بڑے پیمانے پر پانی کی فراہمی معطل ہورہی ہے وہیں 72 انچ قطر کی پائپ لائنوں کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ واٹر بورڈ کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے سبب پمپنگ کے قریب واقع پرائیویٹ فیکٹریوں کے مالکان نے مبینہ طور پر بھاری رشوت کے سبب واٹر بورڈ کی لائنوں سے کنکشن حاصل کر رکھے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں