شاہ رخ اور رنویر کی فلم کے درمیان تصادم کا خطرہ ٹل گیا

دونوں فلموں کی ریلیز میں ایک ہفتہ کا فرق بہت ہے جو فلم اچھی ہوگی وہ اچھا بزنس کرے گی، ہدایت کار


ویب ڈیسک September 22, 2018
دونوں فلموں کی ریلیز میں ایک ہفتہ کا فرق بہت ہے جو فلم اچھی ہوگی وہ اچھا بزنس کرے گی،ہدایت کار (فوٹو: فائل)

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکار رنویر سنگھ کے درمیان فلم کی ریلیز کے تصادم کا خطرہ ٹل گیا۔

رواں سال 2018ء میں بالی ووڈ کی دو بڑی شخصیات کی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہیں جس میں شاہ رخ خان کی فلم 'زیرو' اور رنویر سنگھ کی فلم 'سمبا' شامل ہیں تاہم دونوں فلموں کی ریلیز کی یکساں تاریخ 21 دسمبر ہونے کی وجہ سے دونوں ہی فلموں کے بزنس پر منفی اثرات مرتب ہوتے تاہم باہمی تعاون نے اس تصادم کو ہونے سے قبل ہی روک لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی فلم 'سمبا' کے ہدایت کار روہت شیٹھی نے فلموں کے تصادم کے حوالے سے بتایا کہ دونوں فلموں کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے کیوں کہ ہم لوگ ایک ہی تاریخ میں دونوں فلمیں ریلیز کرنے کا سوچ رہے تھے لیکن بعد ازاں میرے، کرن جوہر اور شاہ رخ خان کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد فلموں کے درمیان ایک ہفتے کا وقفہ دیا گیا ہے۔

روہت شیٹھی نے کہا کہ دونوں کی فلمیں موضوع کے اعتبار سے مختلف ہیں اور فلموں کی ریلیز میں ایک ہفتہ کا فرق بہت ہے کیوں کہ جو فلم اچھی ہوگی وہ اچھا بزنس کرے گی اور یہ سب کچھ باہمی رضامندی سے ممکن ہوا ہے۔

واضح رہے کہ انند رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی کنگ خان کی فلم 'زیرو' رواں سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی جب کہ رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کی فلم 'سمبا' 28 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں