پانی چوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے کمشنرمیرپورخاص

ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں، رینجرز تعینات کرنے کی ہدایت، اجلاس سے خطاب


Express News Desk June 04, 2013
ڈائریکٹر نارا کینال غلام مصطفی اُجن نے کہا کہ وارہ بندی کے دوران بااثر مسلح افراد واٹر کورسز کھولنے کے لیے محکمہ آبپاشی کے داروغوں پر دباؤ ڈالتے ہیں جو ہمارے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ فوٹو: فائل

کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر سعید احمد منگنیجو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ نہری پانی کی چوری کی روک تھام اور ٹیل تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور نہروں اور شاخوں سے پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں ڈائریکٹر نارا کینال، ایکسیئن جمڑاؤ، ایکسیئن مٹھڑاؤ ، ایکسیئن تھر ڈویژن اور اسسٹنٹ کمشنروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ جمڑاؤ اور مٹھڑاؤ کینالوں میں پانی چوری کی روک تھام کے لیے پولیس، رینجرز اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنروں کو نگرانی پر مامور کیا جائے گا تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں کو بھی نہری پانی مل سکے۔ کمشنر نے ڈائریکٹر ناراکینال، ایکسیئن مٹھڑاؤ، جمڑاؤ اور تھر ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ خود بھی پانی کی وارہ بندی کے وقت اچانک دورے کریں اور پانی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بروقت کاروائی کریں۔



انہوں نے ڈائیریکٹر نارا کینال کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ مٹھڑاؤ، جمڑاؤ اور تھر ڈویژن میں سے پانی چوری کی رپورٹ دی جائے تا کہ وہاں پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات کیے جائیں۔ ڈائریکٹر نارا کینال غلام مصطفی اُجن نے کہا کہ وارہ بندی کے دوران بااثر مسلح افراد واٹر کورسز کھولنے کے لیے محکمہ آبپاشی کے داروغوں پر دباؤ ڈالتے ہیں جو ہمارے لیے بڑا مسئلہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت مٹھڑاؤ، جمڑاؤ اور تھر ڈویژن کی 5 سب ڈویژن کے 4 کینالوں اور شاخوں میں 10میل موری، سندھڑی اور کاٹھڑو موری، کھپرو میں رینجرز اور پولیس کو فوری طور پر مقر ر کیا جائے تا کہ پانی کی چوری کو روکا جاسکے، جس پر کمشنر نے مذکورہ شاخوں اور کینالوں میں فوری طور پر پولیس اور اسسٹنٹ کمشنروں کونگرانی کیلئے مقرر کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر آصف اکرام، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ سب ڈویژنز کے ایکسینزاور دیگر افسران نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں