غیرملکی لیگز پاکستان اپنی پوزیشن پر نظر ثانی کرے گا

جب تک مطمئن نہیں ہوا ٹی 10 کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا، احسان مانی


Sports Desk/AFP September 23, 2018
آئندہ2ٹیسٹ کی سیریز نہیں ہوگی، بھارت سے مقابلوں کیلیے کوشش کریں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان غیرملکی لیگز کے حوالے سے اپنی پوزیشن پر نظر ثانی کرے گا جب کہ آئی سی سی نے اس حوالے سے یقین دہانی مانگ لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے پلیئرز کو فٹنس مسائل سے بچانے کیلیے پی ایس ایل کے علاوہ سال میں ایک اور لیگ کھیلنے کی پابندی عائد کی تھی،گزشتہ برس ٹی 10 لیگ کیلیے اس نے اپنے کنٹریکٹ یافتہ ٹاپ پلیئرز کو این او سی دے دیا تھا، اس بار یہ لیگ ٹیموں میں اضافے کے ساتھ نومبر، دسمبر میں یو اے ای میں منعقد ہونے والی ہے۔

ایشیا کپ کیلیے دبئی میں موجود پی سی بی کے نئے چیئرمین احسان مانی نے کہاکہ میں یہ بات سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کس بنیاد پر ہم اپنے کھلاڑیوں کو ان لیگز میں کھیلنے کی اجازت دیں، جو معیار میں سمجھا وہ یہ ہے کہ کتنی رقم پی سی بی حاصل کرتا اور کتنی ہمارے پلیئرز کو دی جاتی ہے، سابق بورڈ نے کھلاڑیوں پر کام کے بوجھ پر توجہ نہیں دی، اس لیے میں ان تمام لیگز کا جائزہ لوں گا جس میں ہمارے کھلاڑی شریک ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سی لیگ قابل اعتماد ہے اور کون سی نہیں، ٹی 10 کے حوالے سے میں اس وقت تک کوئی فیصلہ نہیں کروں گا جب تک مطمئن نہیں ہوجاتا، اسی لیے میں نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کو پھر سے دیکھے، ہمیں کونسل کی یقین دہانی کی ضرورت ہے کیونکہ اسی نے ان لیگز کو منظور کیا ہے۔

دیگر امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ آسٹریلیا سے صرف 2 ٹیسٹ کی سیریز ہونی ہے، مستقبل میں پاکستان کم از کم تین ٹیسٹ کی ہی سیریز میں حصہ لے گا، انھوں نے کہا کہ پاک بھارت بورڈز کے تعلقات ٹھیک البتہ سیاسی سطح پر دونوں ممالک کو قریب آنے کی ضرورت ہے، ٹیمیں آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں تواتر سے مقابلہ کرتی ہیں، ہم کوشش کریں گے کہ دو طرفہ سیریز کا بھی انعقاد ہو۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔