وزیراعظم کا 48 گھنٹوں میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے کا حکم

لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو توڑنا ہے، وزیراعظم عمران خان


ویب ڈیسک September 23, 2018
ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بلیک میل نہ کیا جاسکے (فوٹو: خبر ایجنسی)

وزیراعظم عمران خان نے نئے بلدیاتی نظام کو 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دینے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سینئر وزیر علیم خان، دیگر وزرا اور اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سینئر وزیر علیم خان نے عمران خان کو پنجاب حکومت کے 100 روزہ منصوبے اور نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی۔

عثمان بزدار نے حکومت پنجاب کی اب تک کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ عمران خان نے وزراء کو عوامی خدمت پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، اس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کا موثر احتساب کریں، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز کے نظام سے نئی قیادت کو اوپر آنے میں مدد ملے گی، ماضی میں جمہوری نظام میں ایک بڑا مسئلہ یہ بھی تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم جبکہ دیگر امور بشمول اختیارات اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو توڑنا ہے، ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بلیک میل نہ کیا جاسکے اور وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔