حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے نوازشریف نے آصف زرداری سے مدد مانگ لی
متحدہ اپوزیشن کے لئے پیپلز پارٹی (ن) لیگ کا ساتھ دے تو حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے، (ن) لیگ
سابق وزیراعظم نواز شریف نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری سے مدد مانگ لی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے مسلم لیگ (ن) متحرک ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں (ن) لیگ کے قائد نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے مدد مانگ لی ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے لئے مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا اور اس حوالے سے راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں (ن) لیگ کے وفد نے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری سے اہم ملاقات کی اور نواز شریف کا پیغام پہنچایا جب کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کی بھی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے، متحدہ اپوزیشن کے لئے پیپلز پارٹی (ن) لیگ کا ساتھ دے، متحدہ اپوزیشن کے تحت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری نے راجہ ظفر الحق کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا موقف پارٹی قیادت تک پہنچاؤں گا، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیا جا سکتا ہے، پیپلزپارٹی کا جمہوریت کی مضبوطی اور تسلسل کے لیے کردار تاریخی ہے جب کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں مدبرانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے سے متعلق جلد آگاہ کروں گا جب کہ جس پارٹی کا امیدوار رنر اپ ہے وہی امیدوار ہونا چاہیے۔
اس موقع پر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے مزید بڑھیں گے، شہباز شریف آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جب کہ میاں نواز شریف کو بھی آپ سے ملاقات کی تفصیل دوں گا۔