کراچی تامیرپورخاص شاداب بلوچ نے پیدل سفرکا آغاز کردیا

اس سفرکو’’شاداب بلوچ کا صحت مند معاشرہ مہم‘‘ کا نام دیا ہے، فزیکل ٹرینر

اس سفر کو’’شاداب بلوچ کا صحت مند معاشرہ مہم‘‘ کا نام دیا ہے، فزیکل ٹرینر

کراچی سے تعلق رکھنے والے فزیکل ٹرینر شاداب بلوچ نے قومی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے 6 دن میں کراچی تا میرپورخاص کے پیدل سفرکا آغاز کردیا۔

ٹرینر شاداب بلوچ کا کہنا ہے کہ چیلنج کا مقصد سندھ میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے طویل فاصلے پیدل طے کرنے والے پاکستان کے ہیرو کھرل زادہ کسرت رائے کو چیلنج کرنے والے کراچی کے فزیکل ٹرینر شاداب بلوچ نے اتوارکوصبح 10 بج کر20 منٹ پرکراچی پریس کلب سے میرپورخاص تک سفر کا آغاز کردیا، شاداب بلوچ کے استاد باڈی بلڈر شہزاد احمد قریشی، شاگردوں، سندھ اسپورٹس بورڈ کے افسران اور اسپورٹس آرگنائزر نے شاداب بلوچ کو رخصت کیا، شاداب بلوچ یہ سفر کئی مرحلوں میں طے کرینگے۔


پہلے مرحلے میں کراچی پریس کلب سے سپر ہائی وے ٹول پلازہ تک سفر کریں گے، دوسرے مرحلے میں وہ 24 ستمبر کو ٹول پلازہ سے نوری آباد جائیں گے جہاں ایک رات قیام کے بعد وہ 25 ستمبر کو نوری آباد سے جامشوروکا سفر طے کرینگے، 26 ستمبرکوجامشورو سے حیدرآباد، پانچویں مرحلے میں حیدرآباد سے راشد آباد، راشد آباد سے ٹنڈو والہ یار اور آخری مرحلے کا آغاز 28 ستمبر کو ٹنڈوالہ یارسے میرپورخاص اللہ والی چورنگی پہنچ کراپنے 234 کلو میٹر کے سفرکا اختتام کریں گے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاداب بلوچ کا کہنا تھا کہ کسرت رائے کے 9 دن میں 222 کلو میٹر کے قومی ریکارڈ کو توڑنے کے بعد میری کوشش ہوگی کہ ان کے باقی قومی و بین الاقوامی ریکارڈزکوبھی اپنے نام کروں، اس سفر کو''شاداب بلوچ کا صحت مند معاشرہ مہم'' کا نام دیا ہے، اس سفر میں قومی یکجہتی' منشیات سے پاک معاشرہ اورکھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ہرمقام پر آگاہی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، یہ سفر7 دن کا ہے مگر میری کوشش ہے کہ اسے 6 دن میں ہی ختم کروں۔

جیت کے لیے پرعزم ہوں، انشاللہ کامیابی ملے گی، استاد شہزاد احمد قریشی نے کہا کہ شاداب بلوچ کے حوصلے جیت کے لیے بلند ہیں انھوں نے اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، انشاللہ کامیابی کے ساتھ واپسی ہوگی، واضح رہے کہ فزیکل ٹرینر شاداب بلوچ نے گذشتہ ہفتے کسرت رائے کے 222 کلو میٹر اسلام آباد تا چکوٹی کے پیدل سفرکے قومی ریکارڈ کو توڑنے کا اعلان کیا تھا، کسرت رائے نے 222 کلو میٹر کا یہ فاصلہ 9 دن میں طے کیا تھا جبکہ شاداب بلوچ 234 کلو میٹر کا فاصلہ 6 دن میں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story